رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

00:59 26.3.2020

کرونا وائرس: پاکستان میں ٹیلی میڈیسن کی سہولت

پاکستان میں کرونا وائرس کے بحران کے پیش نظر لوگوں کو گھروں میں رہنے اور صرف ایمرجینسی کی صورت میں اسپتال جانے کی ہدایت کی جارہی ہے۔ اس کے پیش نظر پاکستان بھر میں ڈاکٹر رضاکارانہ طور پر واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر ٹیلی میڈیسن کے لئے ڈاکٹرو ں کے پینلز پر مشتمل گروپس تشکیل دے رہے ہیں یا ان کا حصہ بن رہے ہیں۔

یہ ڈاکٹر لوگوں کو آڈیو یا ویڈیو کال کے ذریعے طبی مشورے اور علاج کے لیے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کرونا وائرس اور اس سے بچاؤ کے طریقوں کے بارے میں ویڈیوز تیار کر کے پوسٹ کررہے ہیں اور انہیں واٹس ایپ گروپس میں شئیر کر رہے ہیں۔

فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے پبلک ہیلتھ اور آئی اسپیشلسٹ، ڈاکٹر اکمل رشید نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر کے لوگوں کے لیے فیس بک اور واٹس ایپ پر 'ٹیلی ہیلپ' کے نام سے ایک پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے، جس میں رضاکار ڈاکٹروں کا ایک پینل لوگوں کو ان کی صحت اور بیماری کے بارے میں مفت مشورہ دے رہا ہے۔ لوگوں کو دوائیں ان کی دہلیز تک پہنچانےکا بندوبست بھی کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں قائم پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن 'پیما' نے فیس بک اور واٹس ایپ پر 'پیما ہیلتھ لائن' کے نام سے ملک گیر سطح کی ٹیلی میڈیسن سروس شروع کر دی ہے، جس میں لوگوں کو ویڈیو اور آڈیو کے ذریعے طبی مشورے فراہم کئے جائیں گے۔ اس گروپ کے سر براہ، ڈاکٹر ذکی الدین احمد نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پیما کا یہ گروپ لوگوں کو کرونا وائرس کے بارے میں مستند معلومات اور میڈیکل مشورے مفت فراہم کرے گا۔

چکوال میں ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایڈمنسٹریشن، ڈاکٹر اشفاق احمد نے بتایا کہ چکوال میں بھی ہیلتھ لائن کے نام سے ملک گیر سطح کی ایک ٹیلی میڈیسین سروس شروع کی گئی ہے جس میں ہر شعبے کے ماہر ڈاکٹروں کے نام اور ان کے فون نمبر فراہم کیے گئے ہیں۔

گورنمنٹ کالج لاہور کے فارغ التحصیل طالبعلموں یعنی اولڈ راوئینز کے گروپ یو بنٹو (ubuntu) نے پاکستان اور دنیا بھر کے لوگوں کے لیے کویڈ وائرس کے بارے میں آگاہی اور طبی مشوروں کے لیے ایک ٹیلی میڈیسن واٹس ایپ گروپ قائم کیا ہے۔ اس کے فوکل پرسن ڈاکٹر حبیب اللہ نے بتایا کہ یہ گروپ ایک سو سے زیادہ اولڈ راوئینز دوستوں پر مشتمل ہے جن میں ڈاکٹر، انجینیر، آئی ٹی اسپیشلسٹ اور زندگی کے ہر شعبے کے ماہرین شامل ہیں۔

03:13 26.3.2020

کرونا وائرس سے ہلاکتیں 21 ہزار، مریض ساڑھے 4 لاکھ

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ بدھ کو مزید 48 ہزار کیسز کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 71 ہزار سے زیادہ ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 21 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ بدھ کو مسلسل دوسرے دن دو ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ کیسز امریکہ میں سامنے آئے جن کی تعداد 13 ہزار تھی۔ اسپین میں ساڑھے سات ہزار، اٹلی میں 5200، جرمنی میں 4300، فرانس میں 2900 اور ایران میں 2200 سے کچھ زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

اٹلی میں مریضوں کی کل تعداد 74 ہزار، امریکہ میں 68 ہزار، اسپین میں 49 ہزار، جرمنی میں 37 ہزار، ایران میں 27 ہزار اور فرانس میں 25 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔سوئزرلینڈ میں بھی ایک ہزار نئے کیسز کے بعد مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 683 ہلاکتیں اور اسپین میں 656 ہلاکتیں ہوئیں۔ فرانس میں 231، ایران میں 143 اور امریکہ میں 247 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ ہالینڈ میں 80 مریضوں کا انتقال ہوا۔

اٹلی میں ہلاکتوں کی کل تعداد ساڑھے 7 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اسپین میں 3647، ایران میں 2077، فرانس میں 1331 اور امریکہ میں 1027 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کرونا وائرس کے سب سے پہلے شکار چین میں صورتحال قابو میں ہے جہاں بدھ کو 47 نئے مریض سامنے آئے اور چار ہلاکتیں ہوئیں۔ وہاں کیسز کی تعداد 81 ہزار ہوچکی ہے لیکن ان میں سے 73 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد 3281 ہے جو اب اٹلی اور اسپین سے کم ہے۔

اب تک 31 ملکوں میں کرونا وائرس کے ایک ہزار سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

07:59 26.3.2020

امریکہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں ایک ہزار سے زیادہ

امریکہ میں بدھ کو پہلی بار کرونا وائرس سے 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں ایک ہزار سے زیادہ ہوگئی ہیں۔

ایسٹرن وقت کے مطابق رات گیارہ بجے تک امریکہ میں کرونا وائرس کے مزید 247 مریض ہلاک ہوگئے جن میں 95 کا تعلق نیویارک سے تھا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 13 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح کیسز کی مجموعی تعداد 68 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے تقریباً نصف یعنی 33 ہزار مریض صرف نیویارک میں ہیں۔

دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ کیسز نیویارک کی پڑوسی ریاست نیوجرسی میں ہیں جن کی تعداد ساڑھے چار ہزار ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے نیویارک سے باہر جانے والے تمام لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 14 دن قرنطینہ میں رہیں۔

10:19 26.3.2020

امریکہ کی سینیٹ میں ریلیف پیکج کی منظوری

امریکہ کی تاریخ کے اس سب سے بڑے پیکج کو کرونا وائرس کی وجہ سے بحران کی شکار معیشت کو بچانے کے لیے خرچ کیا جائے گا۔ (فائل فوٹو)
امریکہ کی تاریخ کے اس سب سے بڑے پیکج کو کرونا وائرس کی وجہ سے بحران کی شکار معیشت کو بچانے کے لیے خرچ کیا جائے گا۔ (فائل فوٹو)

امریکہ کے ایوانِ بالا (سینیٹ) نے بدھ کی شب 2000 ارب ڈالر کے معاشی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔ امریکہ کی تاریخ کے اس سب سے بڑے پیکج کو کرونا وائرس کی وجہ سے بحران کی شکار معیشت کو بچانے کے لیے خرچ کیا جائے گا۔

اس سے پہلے ٹرمپ انتظامیہ اور دونوں جماعتوں کے درمیان کئی روز تک مذاکرات ہوئے اور طویل بحث و مباحثے کے بعد اسے منظور کرنے پر اتفاق ہوا۔

ان مذاکرات میں امریکی وزیرِ خزانہ اسٹیو منوچن کے علاوہ ری پبلکن پارٹی کے سینیٹ میں قائد مچ میک کونل اور ڈیموکریٹس کے رہنما چک شومر سرگرم رہے جب کہ دوسرے رہنماؤں نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔

سینیٹ میں منظوری کے بعد اب اس پیکج کو ایوانِ نمائندگان میں پیش کیا جائے گا جس کا اجلاس جمعے کی صبح طلب کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG