- By علی فرقان
عمران خان آئسولیشن سینٹر کا دورہ کریں گے
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان آج اسلام آباد میں قائم کردہ 50 بستروں پر مشتمل کرونا وائرس آئسولیشن سینٹر کا دورہ کریں گے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اس موقع پر وزیرِ اعظم کو بریفنگ بھی دیں گے۔
آئسولیشن سینٹر کا دورہ پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن پی ٹی وی سے نشر کیا جائے گا۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ
پاکستان میں کرونا وائرس کے کسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1102 ہو گئی ہے اور آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سب سے زیادہ کیسز سندھ اور پنجاب میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں بالترتیب 417 اور 323 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
بلوچستان میں 131، خیبرپختونخوا میں 121، وفاقی دارالحکومت میں 25، گلگت بلتستان میں 81 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں اب تک ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔
غزہ اور مغربی کنارے میں کرونا وائرس کا خطرہ
محدود وسائل، زائد آبادی اور مالی مشکلات کے باعث غزہ اور مغربی کنارے کے لوگوں میں کرونا وائرس کی تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔
غزہ کی سڑکوں پر اب بھی آمد و رفت جاری ہے۔ کھانے پینے کے سامان کی دکانیں کھلی ہیں۔ خصوصی حفاظتی لباس پہنے کارکن جراثیم کش ادویات سڑکوں پر چھڑک رہے ہیں مگر قریب کھڑے دکاندار منہ ڈھانپنے سے بھی بے نیاز ہیں۔
چند ہفتے پہلے تک غزہ کے لوگ امید کر رہے تھے کہ اسرائیل اور مصر کے ساتھ سرحد پر تیرہ برس کی سخت ناکہ بندی کووڈ 19 کو فلسطینی علاقے میں داخل ہونے سے روک لے گی اور اس کے بیس لاکھ لوگ اس سے محفوظ رہیں گے مگر ایسا نہیں ہوا۔
امریکی مسلم تنظیموں نے گھروں پر فوڈ باکسز پہنچانا شروع کر دیے
امریکہ میں مسلم فلاحی اداروں نے کرونا وائرس کی وجہ سے گھروں تک محدود افراد کو ان کی ضرورت کی اشیا گھروں تک پہنچانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ جن میں اسلامک کونسل آف نارتھ امریکہ یا 'اکنا ریلیف یو ایس اے' اور پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم 'اپنا' شامل ہیں۔
وائس آف امریکہ کو ایک انٹرویو میں اکنا ریلیف یو ایس اے کے ہنگر ریلیف شعبے کے ڈائریکٹر زاہد حسین نے بتایا کہ جب سے کرونا وائرس بحران شروع ہوا ہے اکنا نے لوگوں کو ان کی دہلیز پر گراسری فوڈ باکسز مفت پہنچانے کے ایک ملک گیر منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت ادارے نے ہزاروں مسلمانوں اور غیر مسلموں کو امریکہ کے بڑے شہروں میں قائم اپنی 36 فوڈ پینٹریز کے ذریعے گراسری فوڈ باکس ان کے گھروں کی دہلیز تک مفت پہنچانا شروع کر دیے ہیں۔
ہر فوڈ باکس میں 75 سے 80 پاؤنڈ فوڈ موجود ہوتا ہے جس میں چاول، آٹا، دالیں، دودھ، انڈے، ڈبوں میں بند کھانے، سیریل، پاستا، چینی، نمک، حلال چکن اور بیف کے پیکٹس شامل ہوتے ہیں۔