- By سدرہ ڈار
کراچی میں لاک ڈاؤن: سڑکیں خالی، گنجان آباد علاقوں میں چہل پہل
کراچی میں لاک ڈاؤن کے چوتھے روز لوگوں کو گھروں میں رکھنے کے لیے سختی کی جا رہی ہے۔ مرکزی سڑکوں پر پولیس ناکے لگا کر گزرنے والوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے جب کہ کئی سڑکیں بند بھی کی گئی ہیں۔ البتہ گنجان آباد علاقوں میں اشیائے خور و نوش کی دکانیں کھلی ہیں اور لوگوں کی چہل پہل بھی دکھائی دے رہی ہے۔ بوندا باندی اور ہلکی بارش کے بعد کراچی کا موسم بھی خوش گوار ہو گیا ہے۔
حکومت پاکستان کا تمام موٹرویز کو ٹریفک کے لیے محدود کرنے کا اعلان
حکومتِ پاکستان نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد تمام موٹر ویز کو ٹریفک کے لیے آج سے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ہر قسم کی مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مال بردار گاڑیوں، تیل کی ترسیل والی گاڑیوں اور ضروری اشیاء خور و نوش والی گاڑیوں کو موٹر ویز پر کم سے کم عملے کے ساتھ داخلے کی اجازت ہو گی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے نجی گاڑیوں کو دو یا دو سے کم افراد کے ساتھ سفر کرنے کی تسلی بخش صحیح وجہ کی تصدیق کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی۔
امریکی سفارت خانے کے مزید اہلکار پاکستان سے روانہ
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے مزید 69 اہلکار حکومت پاکستان کی خصوصی اجازت کے بعد امریکہ روانہ ہو گئے ہیں۔
امریکی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق نجی پرواز کے ذریعے امریکی اسلام آباد سے اپنے ملک کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی وزارتِ خارجہ نے اہلکاروں کو اہلخانہ کے ساتھ رضاکارانہ واپسی کی اجازت دی تھی۔ اس سے قبل 71 سفارت کار امریکہ واپس روانہ ہو چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان میں امریکی سفارت خانہ اپنے شہریوں اور ویزہ درخواست گزاروں کو ایمرجنسی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ امریکہ کرونا وائرس کے خلاف پاکستانی حکومت و عوام کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی شراکت داری جاری رکھے گا اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
'کرونا وائرس کو ہرانا ہے تو کرونا برگر کھانا ہو گا'
ویت نام کے دارالحکومت ہنوئی میں ایک شخص نے کرونا وائرس کی شکل کا ایک منفرد برگر بنایا ہے۔ ہوانگ تنگ نامی شیف کا کہنا ہے کہ اگر آپ کرونا وائرس کو شکست دینا چاہتے ہیں تو آپ کو یہ برگر کھانا ہو گا۔