رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

01:38 28.3.2020

امریکی کانگریس میں 2 ہزار ارب ڈالر کا پیکج منظور

امریکی ایوان نمائندگان نے دو ٹریلین یعنی 2 ہزار ارب ڈالر کا ہنگامی اخراجات کا بل منظور کرلیا ہے۔ اس سے پہلے یہ بل بدھ کو سینیٹ میں متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ جیسے ہی یہ بل ان کی میز پر پہنچے گا، وہ اس پر دستخط کر دیں گے۔

ایوان نمائندگان میں جمعہ کو اجلاس شروع ہوا تو کینٹکی کے ری پبلکن رکن تھامس میسی نے بل کی منظوری میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ انھوں نے موقف اختیار کیا کہ تمام ارکان انفرادی طور پر اس بارے میں رائے کا اظہار کریں لیکن دونوں جماعتوں کے قائدین نے ان کی کوشش ناکام بنادی اور وائس ووٹ کے ذریعے بل منظور کرلیا گیا۔

اس رقم میں سے 250 ارب ڈالر براہ راست لاکھوں امریکی شہریوں میں تقسیم کیے جائیں گے اور 250 ارب ڈالر بیروزگاروں کی امداد پر صرف ہوں گے۔ اسپتالوں کو 100 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ 377 ارب ڈالر کے قرضے چھوٹے کاروباری حضرات کو دیے جائیں گے، جب کہ 500 ارب ڈالر کے قرضے بڑے اداروں کو فراہم کیے جائیں گے۔

01:45 28.3.2020

اٹلی میں ایک دن میں 919 افراد ہلاک

اٹلی میں ایک بار پھر کرونا وائرس سے اموات میں شدت آگئی ہے اور چوبیس گھنٹوں میں 919 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ امریکہ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 199 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں 5 لاکھ 90 ہزار سے زیادہ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی تھی جبکہ 27 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ جمعرات اور جمعہ کو سوا لاکھ نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

اٹلی میں جمعے کو 919 مریضوں کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 9 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ سپین میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 569، فرانس میں 299، برطانیہ میں 181، ایران میں 144 اور نیدرلینڈز میں 112 افراد ہلاک ہوئے۔

امریکہ جمعرات کو کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک بن گیا تھا۔ یہاں جمعہ کی سہہ پہر تک ایک لاکھ کیسز کی تصدیق ہوچکی تھی، جبکہ 1500 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جمعرات کو صرف نیویارک میں 100 سے زیادہ اموات ہوئیں۔

01:52 28.3.2020

امریکی طیارہ بردار بحری جہاز میں کرونا وائرس پھوٹ پڑا

امریکہ کے طیارہ بردار بحری جہاز تھیوڈور روزویلٹ پر کرونا وائرس پھوٹ پڑا ہے اور بحرالکاہل میں موجود اس جہاز پر کم از کم 23 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حکام نے جہاز کے پورے عملے کو ساحل پر قرنطینہ میں منقتل کردیا ہے۔ ایک ہفتہ پہلے تین فوجیوں میں وائرس ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد انہیں جہاز سے باہر بھیج دیا گیا تھا۔ یہ امریکی نیوی کے کسی بحری جہاز پر کرونا وائرس پھوٹنے کا پہلا واقعہ ہے۔

نیول چیف آپریشنز ایڈمرل مائیک گلڈے نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ کوویڈ 19 کے مزید پازیٹو کیسز سامنے آئے ہیں۔ کوئی بھی فوجی سخت بیمار نہیں ہے اور کسی کو بھی اسپتال داخل کرانے کی ضرورت نہیں پڑی۔

بیان کے مطابق جہاز پر سوار مزید 5000 فوجیوں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ یہ جہاز گوام میں لنگر انداز ہے۔

02:13 28.3.2020

یو ایس ایڈ پاکستان سمیت 64 ملکوں کو اضافی امداد دے گی

یو ایس ایڈ نے اعلان کیا ہے کہ کورنا وائرس سے متاثر 64 ممالک کو اضافی فنڈنگ فراہم کی جائے گی۔ ان ملکوں میں پاکستان بھی شامل ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ امریکہ 274 ملین ڈالر کی اضافی فنڈنگ فراہم کررہا ہے۔

متاثرہ ممالک اس فنڈنگ سے حفاظتی خدمات، پانی، نکاسی آب، صفائی ستھرائی، خوراک اور روز مرہ اشیا کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنا سکیں گے۔

یو ایس ایڈ کے نائب منتظم اعلیٰ بونے کلک نے کہا کہ جن 64 ملکوں کو یہ امداد دی جائے گی ان میں پاکستان اور افغانستان شامل ہیں۔

امریکی حکومت نے اس نئی امداد کا اعلان ایک ایسے موقع پر کیا جب چین مختلف ملکوں کو امداد فراہم کرنا شروع کرچکا ہے، جس میں طبی ساز و سامان اور طبی عملہ شامل ہے۔

یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر جیمز رچرڈسن نے کہا ہے کہ چین کی کیمونسٹ پارٹی کی یہ خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ پوری دنیا کو بغیر کسی شرط کے امداد فرام کرے کیوں کہ سب کو یہ علم ہے کہ ووہان میں جو کچھ ہوا اس کو چھپانے کے نتیجے میں کرونا نے وبائی مرض کی شکل اختیار کی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG