کرونا وائرس کے مقابلے کے لیے چینی ڈاکٹروں کی ٹیم پاکستان روانہ
پاکستان میں چین کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ آٹھ رکنی طبی ماہرین کی ٹیم چین سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ اس ٹیم کو سنکیانگ میں گرم جوشی سے رخصت کیا گیا۔
چینی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ چین کی طبی ٹیم کے پاکستان پہنچنے پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی چینی سفیر یاؤ جنگ کے ہمراہ ان کا استقبال کریں گے۔
چین کے ڈاکٹروں کی ٹیم پاکستان میں 'کووڈ 19' کے مرض خلاف احتیاطی تدابیر, تشخیص, علاج اور اس کے کنٹرول میں پاکستان کی معاونت کرے گی۔
وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے گفتگو
وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ چین سے طلبہ کو واپس نہ بلانے کا سارا ملبہ ان پر گرایا گیا اور تنقید کی گئی۔ لیکن وہ فیصلہ درست ثابت ہوا ہے۔ مجھ پر تنقید وزیرِ اعظم سے قربت کی وجہ سے ہوتی ہے۔ زلفی بخاری نے خود سے جڑے تنازعات کے بارے میں کیا کہا؟ دیکھیے اس انٹرویو میں۔
کرونا وائرس: پاکستان میں انٹرنیٹ کے استعمال میں 15 فی صد اضافہ
پاکستان میں کرونا وائرس کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن اور لوگوں کے گھروں تک محدود رہنے کے باعث انٹرنیٹ کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی موبائل فون کمپنیوں کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ کے استعمال میں حالیہ دنوں میں 15 فی صد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بعض موبائل کمپنیوں کے لوڈ میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے صارفین کو سرفنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پاکستان میں بیشتر اداروں نے ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تعلیمی اداروں کی آن لائن کلاسز بھی گھروں سے جاری ہیں۔ فارغ اوقات میں بھی لوگ یوٹیوب، نیٹ فلکس اور دیگر ویڈیو سروس فراہم کرنے والی ویب سائٹس استعمال کر رہے ہیں۔ جس سے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے کمپنیوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی طرف سے جاری بیان میں بھی انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافے کی تصدیق کی گئی ہے۔
البتہ، پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس انٹرنیٹ کی بڑھتی ہوئی ضرورت پوری کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ پی ٹی اے تمام صورتِ حال کا بغور جائزہ لے رہی ہے تاکہ اس مشکل صورتِ حال میں تمام صارفین کو رابطہ کے لیے ٹیلی کام سروسز دستیاب ہوں۔
کوئٹہ پولیس کا ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو گارڈ آف آنر
بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں نے کرونا وائرس کے خلاف برسر پیکار ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملک کے مختلف حصوں میں کرونا وائرس کے خلاف لڑنے والے طبی عملے کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔