رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

17:37 28.3.2020

بھارت میں لاک ڈاؤن، مزدور طبقہ سیکڑوں کلو میٹر کے پیدل سفر پر مجبور

کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بھارت میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ لیکن نئی دہلی کی سڑکوں پر کچھ لوگ سامان اٹھائے پیدل سفر کر رہے ہیں۔ یہ مزدور پیشہ افراد دور دراز کے علاقوں سے روزگار کمانے دہلی آئے تھے جو ٹرانسپورٹ کی بندش کے سبب پیدل ہی اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو رہے ہیں۔ رتول جوشی کی رپورٹ

بھارت لاک ڈاؤن: لاکھوں مزدور پیدل اپنے گھروں کی جانب روانہ
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:36 0:00

17:59 28.3.2020

ووہان: لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی، زندگی معمول پر آنے لگی

کرونا وائرس کا سب سے پہلا شکار بننے والے چین کے شہر ووہان میں اب حالات بتدریج معمول پر آ رہے ہیں۔ چین کی حکومت نے ووہان میں لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے شہر میں آمدورفت کے کچھ راستے کھول دیے ہیں جب کہ سب وے سروسز بھی بحالی کی جا رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد دو ماہ سے ایک دوسرے سے دور خاندان دوبارہ اکٹھے ہو رہے ہیں۔

ووہان شہر میں دسمبر کے آخر میں پھوٹنے والی اس وبا نے تین ماہ میں اب دُنیا کے 200 سے زائد ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ہفتے کو تین ماہ بعد شہر میں ہائی اسپیڈ ٹرین پہنچی جس میں 19 سالہ نوجوان گو لیانگ کائی بھی شامل تھا، جس کا شنگھائی میں ایک ماہ کا کام تین ماہ تک محیط ہو گیا۔

رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے لیانگ کائی نے کہا کہ اپنے شہر واپس آنے اور خاندان سے ملنے پر وہ بہت خوش ہیں۔ اُن کی والدہ نے ٹرین اسٹیشن پر اُن کا استقبال کیا۔

لیانگ کائی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ سے گلے ملنا چاہتا ہیں۔ لیکن اب بھی اس وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی جا رہی ہیں۔ لہذٰا وہ ایسا نہیں کر سکتے۔

مزید پڑھیے

18:40 28.3.2020

پنجاب میں 25 لاکھ گھرانوں کو ماہانہ چار ہزار روپے دینے کا اعلان

وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار
وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار

پنجاب کے وزیر اعلٰی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے صوبے کے 25 لاکھ گھرانوں کو ماہانہ چار ہزار روپے امداد دی جائے گی۔ اس ضمن میں 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسز کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

پنجاب حکومت نے 18 ارب روپے کے صوبائی ٹیکسز بھی معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دیہاڑی دار اور مزدور طبقات کی مشکلات کا احساس ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 82 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ عثمان بزدار نے معمولی جرائم میں سزا پانے والے قیدیوں کی رہائی کا بھی حکم دیا ہے۔

18:56 28.3.2020

بھارتی کشمیر میں کووڈ-19 کے مریضوں کی تعداد 40 ہو گئی

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا وائرس یا کووڈ- 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہفتے کو مزید سات افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مجموعی تعداد 40 ہو گئی ہے۔

وادی میں 3500 سے زائد افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جب کہ لگ بھگ چھ ہزار افراد کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ وائرس کے باعث بھارتی کشمیر میں اب تک ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے۔

وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے جموں و کشمیر میں دس دن سے لاگو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے 400 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار کیے گیے افراد میں دو پیش امام بھی شامل ہیں جنہوں نے پابندی کے باوجود نماز جمعہ پڑھانے کی کوشش کی تھی۔ انتظامیہ نے 600 کے لگ بھگ نجی گاڑیاں ضبط کرنے کے علاوہ درجنوں دُکانوں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا ہے۔

وادئ کشمیر اور جموں کے کئی علاقوں سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دوسرے اداروں کے اہلکاروں کی طرف سے گھروں سے باہر آنے والوں پر تشدد کے واقعات بھی ہوئے ہیں۔

اس طرح کے چند واقعات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک پولیس اہلکار کو شہریوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر ڈیوٹی سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

سرینگر کے 'رینہ واری' علاقے میں واقع جواہر لال نہرو میموریل اسپتال میں قرنطینہ میں رکھے گئے افراد نے ناکافی طبی سہولیات اور ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اس دوراں اسپتال میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔

افراتفری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قرنطینہ میں موجود 26 افراد اسپتال سے بھا گنے میں کامیاب ہو گئے۔ سرینگر کے ضلعی کمشنر شاہد اقبال چوہدری نے کہا کہ ان سب کو اسپتال واپس منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر ایک خاتون ڈاکٹر کو نوکری سے نکال دیا ہے جب کہ ایک کو غفلت برتنے کے الزام میں معطل کردیا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG