پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1625 ہو گئی
کرونا وائرس: وزیرِ اعظم عمران خان آج قوم کو اعتماد میں لیں گے
پاکستان کے وزیرِ عمران خان کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
وزیرِ اعظم کا پیغام آج شام کو ریکارڈ ہو گا جس کے بعد آج ہی اسے نشر کیا جائے گا۔
عمران خان کور کمیٹی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کریں گے اور ان کی جانب سے تعمیراتی شعبے کے لیے پیکج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ نے صوبوں کو قیدیوں کی رہائی پر عمل درآمد سے روک دیا
پاکستان کی سپریم کورٹ نے چاروں صوبوں کی ہائی کورٹس، اسلام آباد ہائی کورٹ اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے کرونا وائرس کے باعث قیدیوں کی جیلوں سے رہائی پر عمل درآمد روک دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے قیدیوں کو رہا کرنے کے مزید احکامات دینے سے روکتے ہوئے وفاق، تمام ایڈووکیٹس جنرلز، آئی جی اسلام آباد، صوبائی ہوم سیکریٹریز، آئی جیز جیل خانہ جات، پراسیکیوٹر جنرل نیب، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو بھی نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
سپریم کورٹ میں کرونا وائرس کے سبب قیدیوں کی جیلوں سے رہائی کے خلاف دائر کردہ اپیل پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے ہائی کورٹس مختلف فیصلے دے رہی ہیں۔
اٹارنی جنرل کا مزید کہنا تھا کہ وہ درخواست گزار کے حقِ دعویٰ پر کوئی اعتراض نہیں اٹھا رہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے سپریم کورٹ گائیڈ لائن طے کرے۔
- By نوید نسیم
'سب کچھ تو بند ہے، سواری کہاں سے آئے گی'
پاکستان کے مختلف شہروں میں جاری لاک ڈاؤن سے روزانہ اجرت کمانے والے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ لاہور میں رکشہ چلانے والے شاہد حیات انہی لوگوں میں سے ایک ہیں جن کی آمدنی لاک ڈاؤن کی وجہ سے ختم ہوگئی ہے۔ اس لاک ڈاؤن کے شاہد حیات کی زندگی پر اثرات کا مزید احوال دیکھیے نوید نسیم کی اس ڈیجیٹل رپورٹ میں