اسپین میں ایک دن میں 913، اٹلی میں 812 ہلاکتیں
کرونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے اور اموات کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ اسپین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 913 اور اٹلی میں 812 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق دنیا بھر میں معلوم مریضوں کی تعداد سات لاکھ 75 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ 37 ہزار ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
اسپین میں پیر کو 913 افراد ہلاک ہوئے اور 7846 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ وہاں کل ہلاکتیں 7716 ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 87956 ہو گئی ہے جو اب چین سے زیادہ ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں مزید 812 افراد چل بسے جب کہ 4050 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ یورپی یونین کے اس رکن ملک میں اب کل کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور 11591 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
کرونا کا خاتمہ کب تک ممکن؟
عالمی سطح پر پھیلنے والی کرونا وائرس کی وبا نے روزمرہ زندگی کے معمولات کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ ملازمت، تعلیم، کھیل، تقریبات یا پھر سماجی رابطے۔ سبھی کچھ بدل گیا اور ایک بے یقینی کی فضا نے روز مرہ زندگی کو بوجھل کر دیا ہے۔
سماجی دوری کا یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ کوئی نہیں جانتا لیکن ماہرین کہتے ہیں اس کا جواب مشکل ہے اور دار و مدار اس بات پر ہے کہ سماجی دوری کس حد تک مؤثر ثابت ہوتی ہے اور کرونا کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کتنی مدد ملتی ہے۔
حال ہی میں امریکہ میں اپریل کے اختتام تک اس سماجی دوری کو قائم رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے اور یہی ماہرین کا خیال ہے کہ اس عرصے میں صورت حال کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے بشرطیکہ اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں 25 ہو گئیں
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس میں مبتلا ایک اور مریض دم توڑ گیا جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 25 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ گھنٹوں کے دوران مزید 148 کیسز سامنے آئے ہیں۔ ملک کے دو صوبے پنجاب اور سندھ بری طرح اس وبا کی لپیٹ میں ہیں جہاں نئے کیسز کی تعداد میں تیزی آ رہی ہے۔
پنجاب میں اب تک 652 اور سندھ میں 627 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 221، بلوچستان میں 153، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 58، گلگت بلتستان میں 148 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں چھ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
اے ڈی بی کا پاکستان کے لیے امداد کا اعلان
ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے کرونا وائرس کے انسداد کے لیے پاکستان کو دو ملین کی امداد کا اعلان کیا ہے۔