عازمین فی الحال حج کی منصوبہ بندی نہ کریں: سعودی عرب
سعودی عرب نے دنیا بھر میں عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ فی الحال حج کی ادائیگی کے حوالے سے منصوبہ بندی نہ کریں۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا کے سبب سعودی عرب کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے رواں برس حج ادا کرنے کے خواہش مند 20 لاکھ مسلمانوں کو تجویز دی کہ وہ یہ مذہبی فریضہ ادا کرنے کا ارادہ فی الحال مؤخر کر دیں۔
سعودی عہدیدار کی مسلمانوں کو تجویز دینے کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ کرونا کی وبا کے سبب فریضہ حج کو محدود کیا جا سکتا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ محمد صالح بن طاہر بنتن نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت کو تمام مسلمانوں اور اپنے شہریوں کی صحت عزیز ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اسی وجہ سے ہم دنیا بھر کے مسلمانوں سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ حج کے حوالے سے سعودی عرب میں اس مذہبی فریضے کے انتظامات کرنے والوں (یعنی حج آپریٹرز) سے فی الحال کسی بھی قسم کا معاہدہ نہ کریں۔
وزیر برائے حج و عمرہ نے مسجد الحرام میں ٹی وی سے گفتگو کی۔ جس وقت وہ گفتگو کر رہے تھے اس وقت مسجد الحرام میں لوگ نہیں تھے جہاں عمومی طور پر ہزاروں افراد ہر وقت موجود رہتے ہیں۔
محمد صالح بن طاہر بنتن نے کہا کہ سعودی شاہی حکومت مکہ میں 1200 ایسے زائرین کا خیال رکھ رہی ہے جو عالمی سطح پر لاک ڈاؤن کے باعث اپنے ملکوں کو واپس نہیں لوٹ سکے تھے۔
شاہ محمود قریشی کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس سے پیدا ہونے والے عالمi چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق ٹیلی فون پر رابطے کے دوران وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب شہرادہ فیصل کو کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ کو بتایا کہ کرونا وائرس سے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
ان کے بقول وزیر اعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں آسانی دینے کی تجویز دی ہے تاکہ یہ ممالک اپنے وسائل سے انسانی جانوں کو بچا سکیں۔
پاکستان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے بتایا کہ موجود عالمی چیلنج کے پیش نظر محدود معاشی وسائل کے حامل ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کرنے کی تجویز اور ان ممالک کی اقتصادی معاونت پر دنیا کے امیر ترین ممالک کی تنظیم جی- 20 کے اجلاس میں جائزہ لیا گیا ہے۔
یادر ہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں حالیہ دنوں میں جی -20 ممالک کے عہدیداران کا وڈیو لنک اجلاس ہوا تھا۔
جیلیں خالی کرنے سے کرونا وائرس کا خاتمہ نہیں ہوگا: سپریم کورٹ
سپریم کورٹ آف پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث قیدیوں کی رہائی کے خلاف اپیل پر سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ جیلیں خالی کرنے سے کرونا وائرس کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ کراچی میں ملزمان کی ضمانت ہوتے ہی ڈکیتیاں شروع ہو گئی ہیں۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ملزمان کو پکڑنا پہلے ہی ملک میں مشکل کام ہے۔ پولیس کرونا کی ایمرجنسی میں مصروف ہے۔ ان حالات میں جرائم پیشہ افراد کو کیسے سڑکوں پر نکلنے دیں؟
اٹارنی جنرل نے کہا کہ جیلوں میں وائرس پھیلا تو الزام سپریم کورٹ پر آئے گا۔
جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے قانون کو دیکھنا ہے۔ کسی الزام کی پرواہ نہیں۔
عدالت نے حکم دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں چھ اپریل تک تفصیلی جوابات جمع کر آئیں۔ کیس کی آئندہ سماعت چھ اپریل کو ہوگی۔
'تبلیغی جماعت کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے'
پاکستان کی بعض مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے کرونا وائرس پر تبلیغی جماعت کو نشانہ بنانے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
سیاسی رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ تبلیغی جماعت کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بھی فوری بند ہونا چاہیے۔
تفتان سے زائرین کی واپسی کا معاملہ ہو یا تبلیغی جماعت کے مراکز میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پاکستان میں الزام تراشیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
پاکستان کے صوبے سندھ کی حکومت نے منگل کو حیدر آباد میں تبلیغی جماعت کے بڑے مرکز نور مسجد سمیت کئی مراکز کو سیل کر کے قرنطینہ میں تبدیل کر دیا تھا۔
لاہور میں تبلیغی جماعت کے مرکز رائے ونڈ میں بھی کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔