پاکستان میں ہلاکتیں 31 ہو گئیں
پاکستان میں کرونا وائرس کے نئے کیسز اور ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ کرونا وائرس سے متعلق تشکیل دیے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 252 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی ہلاکتیں 31 ہو گئی ہیں۔
واضح رہے کہ این سی او سی حال ہی میں تشکیل دیا گیا ہے اور یہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سے الگ یونٹ ہے۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان کے صوبے پنجاب میں کرونا وائرس کے 845، سندھ میں 743، خیبرپختونخوا میں 276، بلوچستان میں 187، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 62، گلگت بلتستان میں 187 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کیسز کی تعداد نو تک پہنچ چکی ہے۔
ملک بھر میں بیرون ملک سے منتقل ہونے والے کیسز 72 فی صد اور اندرونِ ملک منتقل ہونے والے کیسز کی تعداد 28 فی صد ہے۔
ملک بھر کے 414 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے آئسولیشن وارڈز بنائے گئے ہیں جہاں مریضوں کے لیے بستروں کی تعداد 6335 ہے۔ اب تک 1016 مریض مختلف اسپتالوں میں ہیں جن میں سے نو کی حالت تشویشناک ہے۔
امریکی بحری بیڑے پر 93 اہلکار کرونا کا شکار
امریکہ کی بحریہ جوہری ہتھیاروں سے لیس 'روزویلٹ' نامی بحری بیڑے سے ہزاروں اہلکاروں کو نکال رہی ہے۔ بیڑے کے کپتان نے کرونا وائرس کی وبا سے اہلکاروں کی جان خطرے میں ہونے سے متعلق پینٹاگون کو خط لکھا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق روزویلٹ نامی بحری بیڑہ امریکہ کے زیرِ انتظام جزیرے گوام کے قریب موجود ہے۔ امریکی بحریہ کے مطابق بیڑے پر 4800 افراد کا عملہ تعینات تھا۔
بیڑے سے اب تک ایک ہزار اہلکاروں کو نکالا جا چکا ہے جن میں سے 93 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
پیٹاگون کے حکام نے کہا ہے کہ 'روزویلٹ' کے عملے کے لیے فوری طور پر ہوٹلوں میں کمروں کا انتظام کر رہے ہیں جب کہ کچھ صحت مند اہلکاروں کو بیڑے پر ہی تعینات رکھا جائے گا تاکہ وہ معمول کے کام جاری رکھ سکیں۔
گھر سے دفتری کام انجام دینے والوں کے لیے چند مفید ایپلی کیشنز
کرونا وائرس کے باعث لوگ اپنے دفتری کام بھی گھروں میں بیٹھ کر کرنے پر مجبور ہیں لیکن ہر کام انفرادی طور پر نہیں ہو سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی وبا کے باعث جب گھروں سے کام کرنے کا رجحان بڑھا تو بہت سی ایپلی کیشنز کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔
اسکائپ:
مائیکرو سافٹ کی یہ ایپ لوگوں کے لیے جانی پہچانی ہے لیکن اب اس کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ مختلف انٹرویوز اور دفتری میٹنگز سے علاوہ دیگر معاملات میں بھی اسکائپ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
اسکائپ اکثر موبائل فونز اور لیپ ٹاپ پر پہلے سے ہی موجود ہوتی ہے۔ اس لیے اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔
- By سہیل انجم
بھارت میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 1965 ہو گئی
بھارت میں کرونا وائرس کے مثبت کیسیز کی تعداد بڑھ کر 1965 ہو گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 50 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق 12 اموات گزشتہ 24 گھنٹے میں ہوئی ہیں۔ بدھ کو اب تک کے سب سے زیادہ 437 کیسیز سامنے آئے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اعداد و شمار میں اضافے کے پیش نظر 21 روزہ لاک ڈاون ختم ہوتے ہوتے یہ تعداد بڑھ کر 10 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اب تک 151 افراد صحت یابی کے بعد اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔