اسرائیل کے وزیر صحت کرونا وائرس میں مبتلا
اسرائیل کے وزیر صحت یاکوف لٹزمان اور اُن اہلیہ بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اسرائیل کی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ 71 سالہ وزیر صحت کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر صحت گزشتہ دنوں وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو سمیت اعلٰی حکام سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر صحت اور اُن کی اہلیہ 'آئسولیشن' میں ہیں۔ اور اُن کی حالت قدرے بہتر ہے۔
اسرائیل میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چھ ہزار سے زیادہ ہے جب کہ اب تک 29 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں جزوی لاک ڈاؤن ہے۔
پاکستان میں یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی میں تین ماہ کی چھوٹ
پاکستان کی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث بجلی اور گیس کے بلز کی وصولی تین ماہ کے لیے موخر کر دی ہے۔
صارفین بجلی اور گیس کے بلز اب تین ماہ بعد جمع کرا سکیں گے۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اسلام آباد میں تقریب کے دوران بتایا کہ بلوں کی عدم ادائیگی کا معاشی بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ امدادی پیکج میں اس مد میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔
فلپائن کے صدر کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو وارننگ
فلپائن کے صدر روڈریگو دوتیر نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عائد کی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنے والوں کو گولی ماری جا سکتی ہے۔
فلپائنی صدر کا کہنا ہے امدادی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے والوں یا طبی عملے کو پریشان کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے بیان میں فلپائنی صدر کا کہنا تھا کہ صورتِ حال خراب ہو رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فوج اور پولیس سے جھگڑا کرے اور سیکیورٹی اہلکاروں اپنی زندگی خطرے میں محسوس کریں تو وہ جھگڑا کرنے والے کو گولی مار سکتے ہیں۔
فلپائن میں اب تک کرونا وائرس کے 2311 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ اب تک 96 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔
امریکہ میں کرونا وائرس کے دو لاکھ 15 ہزار کیسز، اموات پانچ ہزار سے متجاوز
امریکہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے وہیں یومیہ ہلاکتیں بھی بڑھتی جا رہی ہیں۔
کرونا وائرس کے اعداد و شمار جمع کرنے والی ویب سائٹ 'ورلڈومیٹرز' کے مطابق امریکہ میں وبا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 15 ہزار 334 ہو گئی ہے جب کہ 14 مارچ سے اب تک 'کووڈ 19' کے پانچ ہزار 112 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں اب بھی کرونا وائرس کے پانچ ہزار سے زائد مریض ایسے ہیں جن کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
بدھ کو امریکہ میں مزید ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں جو کسی بھی ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر کے 190 کے قریب ممالک اور خود مختار خطوں میں اب تک نو لاکھ 39 ہزار کے لگ بھگ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ اس وبا سے مجموعی ہلاکتیں 48 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔
امریکہ میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست نیویارک ہے جہاں 84 ہزار افراد میں کووڈ 19 کے مرض کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 2219 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔