چین نے اعداد و شمار سے متعلق امریکی الزامات مسترد کر دیے
چین نے امریکہ کی انٹیلی جنس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چین کرونا وائرس کے درست اعداد و شمار سامنے نہیں لا رہا۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی چین میں کرونا وائرس کیسز کے حوالے سے شک کا اظہار کیا تھا۔
چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ہوا چن ینگ کا کہنا ہے کہ چین پر کرونا وائرس سے متعلق الزام تراشی سے امریکی حکومت اپنے اُوپر لگنے والے الزامات سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے جمعرات کو معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ چین نے ووہان سے شروع ہونے والی اس وبا کے بعد سے لے کر آج تک چین کی پالیسی میں شفافیت رہی ہے۔
بدھ کو نیوز بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے چین کے اعداد و شمار سے متعلق کہا کہ "ہم کس طرح تسلیم کر لیں کہ چین کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار درست ہیں۔"
چن ینگ نے کہا کہ بعض امریکی عہدے دار صرف الزام تراشی کرنا چاہتے ہیں لیکن چین اس بحث میں اُلجھنے کے لیے تیار نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اسے سیاسی مسئلہ بنانے کی بجائے امریکہ کو اپنے عوام پر توجہ دینی چاہیے۔
- By نذر الاسلام
افغان مہاجرین کی بستیوں میں کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ
پاکستان ميں مقيم 25 لاکھ سے زائد افغان مہاجرين کو بھی کرونا وائرس کی وبا کے باعث شديد خطرات لاحق ہيں۔ اقوامِ متحدہ کے ہائی کميشن برائے مہاجرين (يو اين ايچ سی آر) کے مطابق پاکستان ميں بيشتر افغان مہاجرين کچی آباديوں ميں رہائش پزير ہيں جہاں صفائی کے ناقص انتظامات اور نکاسی آب کا مناسب ذریعہ نہ ہونے کے باعث وبا پھیلنے کا زیادہ خطرہ ہے۔
- By شمیم شاہد
پشاور کی سڑکوں پر پولیس کے ناکے، گلیوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے
پشاور میں لاک ڈاؤن کے دوران سڑکوں پر پولیس نے ناکے لگائے ہوئے ہیں جن پر غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے والوں کو روکا جا رہا ہے۔ گلیوں اور سڑکوں پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا جا رہا ہے۔
لاس اینجلس میں شہریوں کو نئی ہدایات
امریکہ میں کرونا وائرس ہلاکتیں سے ہلاکتیں پانچ ہزار سے زائد ہونے کے بعد امریکہ کے دوسرے بڑے شہر لاس اینجلس کے میئر ایرک گارسیٹی نے تمام شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ باہر نکلتے وقت ہر صورت ماسک پہنیں۔
میئر گارسیٹی نے لوگوں سے یہ بھی کہا کہ وہ میڈیکل گریڈ کے وہ ماسک پہننے سے گریز کریں جن کی طبی ماہرین کو خاص طور پر ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کپڑے سے بنے ہوئے ماسک لوگوں کو کرونا وائرس کے پھیلنے سے بچا سکیں گے۔
امریکا کے محکمہ صحت کے حکام نے فی الحال لوگوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار نہیں دیا ہے۔
میئر گارسیٹی نے مزید کہا ہے کہ ماسک پہننے کی ہدایت کا مقصد یہ ہرگز نہیں کہ لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گھروں پر رہنا چاہیے اور کھانا خریدنے جیسے انتہائی ضروری کاموں کے لیے ہی باہر جانا چاہیے۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 10 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے جب کہ 40 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے حکام نے کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بیماری کے کنٹرول اور روک تھام کے امریکی مراکز نے بھی بدھ کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی شخص میں کرونا وائرس موجود ہو سکتا ہے۔ باوجود اس بات کے اس میں اس کی علامات دکھائی دیں یا نہ دیں۔