چین میں کرونا سے مرنے والوں کی یاد میں سوگ منانے کا اعلان
چین نے کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ہفتے کو ملک بھر میں تین منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چین نے کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کو 'شہید' قرار دیا ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق ہفتے کی صبح دس بجے ملک بھر میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی یاد میں پہلے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جس کے بعد اگلے دو منٹ تک گاڑیوں، ٹرینوں اور بحری جہازوں کے سائرن بجا کر سوگ کا اظہار کیا جائے گا۔
پاکستان کے صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن میں مزید سختی
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پاکستان کے صوبہ سندھ میں جمعے کو دوپہر 12 بجے سے ساڑھے تین بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں اور نہ ہی گاڑیاں سڑکوں پر لائی جا سکتی ہیں۔
کراچی سمیت صوبے بھر کے اہم شہروں میں پولیس اور رینجرز لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے لیے مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔
لاک ڈاؤن کے دوران پیٹرول پمپس، کریانے کی دکانیں اور دیگر مراکز مکمل طور پر بند ہیں۔
خیبرپختونخوا کے بینکوں کے باہر رش
پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے بینکوں کے باہر لوگ تنخواہوں کی وصولی کے لیے قطار میں کھڑے ہیں۔ حکومت نے لوگوں کو زیادہ تعداد میں جمع نہ ہونے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ لیکن مہینے کے آغاز پر تنخواہوں کی وصولی کے لیے لوگوں نے بینکوں کا رخ کیا۔
پاکستان میں نماز جمعہ کے محدود اجتماعات
پاکستان میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نماز جمعہ کے اجتماعات کو بھی محدود رکھا گیا۔ بیشتر مساجد میں تین سے پانچ افراد نے نماز جمعہ ادا کی۔
حکومت کی جانب سے اس مرتبہ مزید سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز جمعہ سے قبل ملک بھر کی مساجد کے قریب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گشت جاری رہا۔
مساجد سے اعلانات بھی کیے گئے کہ شہری گھروں میں نماز پڑھیں۔
لاہور کے جامعہ نعیمیہ کے مہتتم مفتی راغب نعیمی نے بھی ایک فتویٰ جاری کیا تھا کہ اگر تین سے پانچ افراد بھی مسجد میں جمعہ ادا کریں تو نماز ہو جائے گی۔
علماء کرام نے بھی شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ سماجی دُوری اختیار کریں تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔