رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

16:08 4.4.2020

کرونا سے بچاؤ کے لیے ملیریا کی دوا کا ٹرائل کر رہے ہیں: وزیر صحت پنجاب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے صوبے پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے کے مختلف شہروں میں کرونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ البتہ، قرنطینہ میں موجود افراد کی اکثریت کے کرونا ٹیسٹ منفی آ رہے ہیں۔

لاہور میں وائس آف امریکہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے بہت بہتری آئی ہے۔ عام آدمی کی نقل و حرکت نہ ہونے کی وجہ سے کرونا وائرس کے پاکستان میں پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود کرونا کیسز کی تعداد بڑھے گی۔ لہذٰا ہم توقع کر رہے ہیں کہ اتنے لوگ ہی اسپتال آئیں گے۔ جنہیں ہم سنبھال سکتے ہوں۔

وزیرِ صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں 10 ہزار بیڈز کرونا وائرس کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ لیکن اس تعداد کو بڑھا کر ہم 22 ہزار کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ابھی تک جو مریض ہمارے سامنے آ رہے ہیں۔ اُن کی اکثریت وہ ہے جو قرنطینہ میں تھی۔ تبلیغی اجتماع میں شریک ہونے والے 10 ہزار افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیے

16:19 4.4.2020

کویت اور جارجیا میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکتیں

کرونا وائرس سے کویت میں ایک شخص اور جارجیا میں ایک معمر خاتون ہلاک ہو گئی ہیں۔ کویت اور جارجیا میں ہفتے کو کرونا وائرس سے پہلی ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کویت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 62 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ کویت میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 479 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب جارجیا میں بھی ایک 79 سالہ خاتون ہفتے کو کرونا وائرس سے جان کی بازی ہار گئیں۔ 37 لاکھ سے زائد آبادی والے ملک جارجیا میں اب تک کرونا وائرس کے 157 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

16:26 4.4.2020

چین: کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی یاد میں یومِ سوگ

چین میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے ہزاروں افراد کی یاد میں یومِ سوگ منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں ہفتے کو تمام تفریحی تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں جب کہ عمارتوں پر لگے چینی پرچم بھی سرنگوں کیے گئے ہیں۔

ہفتے کو صبح 10 بجے چین میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں تین منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس کے بعد کاروں، ٹرینوں اور بحری جہازوں نے ہارن بجائے اور ملک بھر میں جگہ جگہ سائرن بجائے گئے۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا چین کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوئی تھی جو اب دنیا بھر میں پھیل چکی ہے۔ لیکن چین اس وبا پر قابو پا چکا ہے۔

چین میں کرونا وائرس سے 3300 سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں جن میں سے 2500 سےزائد ہلاکتیں صرف ووہان شہر میں ہوئی تھیں۔

17:03 4.4.2020

پاکستان: طورخم اور چمن بارڈر عارضی طور پر کھولنے کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان نے آئندہ پیر سے چار روز کے لیے طورخم اور چمن سرحد کو عارضی طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پاکستان میں پھنسے ہوئے افغان شہری اپنے وطن واپس جا سکیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ افغان حکومت کی خصوصی درخواست اور انسانی پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان نے وطن واپسی کے خواہش مند افغان شہریوں کو طورخم اور چمن بارڈر کے ذریعے جانے کی اجازت دے دی ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا ہے کہ افغان شہریوں کی وطن واپسی کے لیے چھ سے نو اپریل کے دوران طورخم اور چمن کی سرحد کھلی رکھی جائے گی۔

پاکستان کی طرف سے طورخم اور چمن بارڈر کو عارضی طور پر کھولنے کا اعلان افغان صدر اشرف غنی اور پاکستان کی برّی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے دو روز کے بعد سامنے آیا ہے۔ دونوں شخصیات نے پاک افغان سرحد پر تجارتی سامان کی نقل و حرکت کے لیے ضروری اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔

یاد رہے کہ کرونا وائرس کے پیشِ نظر پاکستان نے اپنی بین الاقوامی سرحدیں بشمول پاک افغان سرحد بند کر دی تھی۔ جس کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان آمد و رفت معطل ہے۔

پاکستان اور افغانستان کی تجارتی برداری بھی تجارت کی بحالی کے لیے سرحد کھولنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ لیکن دفتر خارجہ کے بیان میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں ہے کہ سرحد کھلنے کی صورت میں مال بردار ٹرکوں کو بھی آمد و رفت کی اجازت دی جائے گی یا نہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG