پاکستان میں مزید 4 اموات، مجموعی تعدا د 54 ہو گئی
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید چار افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مزید 577 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3864 تک پہنچ چکی ہے۔
پاکستان میں اب تک 39 ہزار 183 افراد کے کرونا وائرس ٹیسٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 3088 ٹیسٹ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا کے 59 فی صد مریض بیرونِ ملک سے آئے ہیں اور 41 فی صد مقامی ہیں۔ اب تک اس وبا سے ہلاک ہونے والے 54 میں سے 17 افراد کا تعلق صوبۂ سندھ، 15 کا پنجاب اور 17 کا خیبرپختونخوا سے تھا۔
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور بلوچستان میں ایک ایک جب کہ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے تین مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
نیویارک کے اسکولوں کی بندش میں تین ہفتے کی توسیع
امریکہ میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب تک اس وبا سے 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نیویارک میں اسکولوں کی بندش میں مزید تین ہفتوں کی توسیع کر دی گئی ہے۔
امریکہ دنیا کا تیسرا ملک ہے جہاں کرونا وائرس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہوئی ہے۔
کرونا وائرس سے اموات کی شرح پر نظر رکھنے والے ادارے جان ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اٹلی میں سب سے زیادہ 16 ہزار 523، اسپین میں 13 ہزار 341 اور امریکہ میں اب تک 10 ہزار 986 افراد اس وائرس کا شکار ہونے کے بعد چل بسے ہیں۔
نیویارک کے گورنر نے اینڈریو کومو نے پیر کو ریاست کے تمام اسکول اور غیر ضروری کاروبار مزید تین ہفتوں کے لیے بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
نیویارک کے گورنر نے اعتراف کیا کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عائد پابندیوں میں نرمی کرنا بڑی غلطی تھی۔ تاہم اب سماجی دوری پر عمل پیرا ہونے سے شرح اموات کا گراف بدستور نیچے آ رہا ہے۔
- By علی حسین
'کرونا وائرس کو ایک داغ کی طرح لوگوں سے منسلک نہ کیا جائے'
اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیا دارالحکومت میں کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ کرونا کے مصدقہ اور مشتبہ مریضوں کی ٹریکنگ اور ٹیسٹ کرتے ہیں۔ امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو بھی ڈاکٹر زعیم ضیا کے کام کی تعریف کر چکے ہیں۔ مزید دیکھیے اس ڈیجیٹل رپورٹ میں
کرونا کے خلاف جنگ: 'دنیا کو 60 لاکھ نرسوں کی کمی کا سامنا ہے'
دنیا میں جتنے افراد صحت کے شعبے سے وابستہ ہیں ان میں سے نصف سے زیادہ تعداد نرسوں کی ہے اور کرونا وائرس کی وبا کے پیشِ نظر دنیا کو 60 لاکھ نرسوں کی کمی کا سامنا ہے۔
عالمی ادارہ صحت، نرسنگ ناؤ اور انٹرنیشنل کونسل آف نرسز کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا میں گھرے ممالک میں نرسوں کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
فرانس کے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈنوم گیبریاسز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نظامِ صحت میں نرسوں کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتا ہے۔ کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں نرسیں صفِ اول کی سپاہی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق اس وقت دو کروڑ 80 لاکھ نرسیں صحت کے شعبے میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔