- By شمیم شاہد
افغان شہریوں کی سفری دستاویزات کی چھان بین کے بغیر واپسی
پاکستان کے قبائلی ضلعے خیبر میں طورخم کی سرحدی گزر گاہ سے ہزاروں کی تعداد میں افغان باشندوں کو سفری دستاویزات کی چھان بین کے بغیر وطن واپسی کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ضلع خیبر کے انتظامی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں سے سرحدی گزرگاہوں کی بندش سے پاکستان میں پھنسے افغان باشندے نصف شب کے بعد ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں جمع ہونا شروع ہوئے جب کہ صبح کے وقت یہ تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی تھی۔
طور خم کی سرحدی گزر گاہ کے حکام کے مطابق اس قدر بڑی تعداد میں لوگوں کے سفری دستاویزات کی چھان بین انتظامیہ کے لیے ممکن ہی نہیں تھا۔ لہذا پشاور اور اسلام آباد میں اعلیٰ حکام کو اعتماد میں لے کر سرحدی پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انتظامی عہدیداروں نے اس سلسلے میں افغانستان کے سرحدی حکام سے بھی رابطہ کیا ہے جس کے بعد سرحد مکمل طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سعودی عرب کے مزید شہروں میں کرفیو نافذ، کویت نے کرفیو کا دورانیہ بڑھا دیا
سعودی عرب نے کرونا وائرس کے شکار مزید چار افراد کی ہلاکت کے بعد اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دارالحکومت ریاض سمیت دیگر کئی بڑے شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ کرفیو ریاض، تبوک، دمام، طائف، قطیف اور جدّہ سمیت کئی بڑے شہروں میں نافذ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو گھروں میں رکھا جا سکے۔
کرفیو کے دوران لوگوں کو طبی سہولیات یا اشیائے خور و نوش کی خریداری کے لیے صبح چھ سے دوپہر تین بجے تک گھروں سے نکلنے کی اجازت ہے۔
شہروں کے داخلی و خارجی راستے آمد و رفت کے لیے بند ہیں۔ کرفیو کا اطلاق منگل تک کے لیے ہے۔
کرونا کے باعث بالی وڈ کی وہ فلمیں جن کی ریلیز روک دی گئی
کرونا وائرس نے بالی وڈ انڈسٹری کو بھی بریک لگا دی ہے۔ موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر متعدد فلموں کی ریلیز روک دی گئی ہے۔ اسٹوڈیوز ویران ہیں جب کہ بیشتر فن کار آئسولیشن میں وقت گزار رہے ہیں۔
سال 2019 میں جہاں ایک درجن سے زائد فلمیں 100 کروڑ سے 300 کروڑ روپے تک کمانے والے کلب میں شامل رہیں۔ وہیں رواں سال کے ابتدائی دو ماہ میں ریلیز ہونے والی 40 فلموں میں سے صرف ایک فلم کامیاب ہوسکی ہے۔
یہ فلم ہے اجے دیوگن کی 'تاناجی' جس نے 250 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا جب کہ باقی فلمیں ایک دو ہفتوں سے زیادہ عوامی دلچسپی حاصل نہیں کر سکیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس وقت صورتِ حال یہ ہے کہ اسٹوڈیو ویران پڑے ہیں، شوٹنگز رکی ہوئی ہیں اور سنیما ہالز بھی لاک ڈاؤن کا شکار ہیں۔