کرونا وائرس سے ایک دن میں سات ہزار افراد لقمہ اجل
کرونا وائرس یورپ میں بے قابو ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جہاں ایک دن میں 4500 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ دنیا بھر میں سات ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 14 لاکھ اور ہلاکتیں 81 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق فرانس میں ایک دن میں 1417، برطانیہ میں 786، اسپین میں 704، اٹلی میں 604، بیلجیم میں 403، نیدرلینڈز میں 234، جرمنی میں 202، ایران میں 133، برازیل میں 117 اور سویڈن میں 114 ہلاکتیں ہوئیں۔ اس طرح 11 ملکوں میں 100 سے زیادہ اموات ہوئیں۔
امریکہ میں 20 لاکھ افراد کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں، جن میں 3 لاکھ 94 ہزار مثبت رہے۔ منگل کی شام تک 1845 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
منگل کو ایک اور سنگ میل عبور ہوا جب کرونا وائرس سے صحت یاب افراد کی تعداد تین لاکھ ہوگئی۔ ان میں چین کے 77 ہزار، اسپین کے 43 ہزار، جرمنی کے 36 ہزار، ایران کے 27 ہزار، اٹلی کے 24 ہزار، مریکہ کے 21 ہزار اور فرانس کے 19 ہزار شہری شامل ہیں۔
صدر ٹرمپ کی عالمی ادارۂ صحت پر تنقید
امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار لگ بھگ دو ہزار مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک روز میں ہلاکتوں کی یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو 'غلط مشورہ' دینے پر تنقید کرتے ہوئے فنڈنگ روکنے کی دھمکی بھی دی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے وقت اس ادارے کی تمام تر توجہ چین کی جانب تھی اور اس نے 'بے کار' ہدایات جاری کیں۔
وائٹ ہاؤس میں منگل کو پریس بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ ڈبلیو ایچ او کے لیے امریکی امداد روک لیں گے۔
انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بھی کہا کہ حقیقت میں عالمی ادارۂ صحت نے امریکہ کو نقصان پہنچایا ہے۔ امریکہ بھاری رقم کی صورت میں امداد دے اور تمام تر توجہ چین کی جانب ہوں۔ ہم اس معاملے کو درست انداز میں دیکھیں گے۔
پاکستان اور ترکی کا وائرس سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق
پاکستان اور ترکی نے کرونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق یہ اتفاق رائے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والے گفتگو کے دوران ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ان پاکستانیوں کا خیال رکھنے پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا جو وبا پھوٹنے کے بعد بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہونے کے وجہ سے ترکی میں پھنسے ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وئرس کی وبا وجہ سے ترکی میں ہونے والے ہلاکتوں پر ترک صدر سے تعزیت بھی کی۔
کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اب تک ترکی میں 34 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ اس سے 725 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
- By عمر فاروق
پشاور میں سماجی دوری پر کہاں تک عمل ہو رہا ہے؟
رواں ماہ کا آغاز ہوتے ہی تنخواہ دار طبقے نے بینکوں کا رُخ کر لیا ہے جس سے بینکوں کے سامنے رش لگا ہوا ہے۔ ایسے میں کوئی بھی کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر عمل کرتا دکھائی نہیں دے رہا۔ مزید جانتے ہیں پشاور سے عمر فاروق کی اس ڈیجیٹل رپورٹ میں