- By ضیاء الرحمن
پنجاب میں اینٹی ملیریا ادویات سے کرونا مریضوں کا علاج
پاکستان کے صوبے پنجاب میں ملیریا سے بچاؤ کی ادویات کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے بھی کارگر ثابت ہو رہی ہیں۔
محکمۂ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ان ادویات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین اب تک دنیا بھر میں کہیں دستیاب نہیں البتہ اس وبا سے متاثرہ مریضوں کا علاج اینٹی ملیریا ادویات سے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ملیریا کی دوا کلوروکوئن کو کرونا وائرس کے خلاف اہم ہتھیار قرار دیا تھا۔ منگل کو ہی صدر ٹرمپ کے انتباہ پر بھارت نے اینٹی ملیریا ادویات کی برآمد پر عائد پابندی ختم کی ہے۔
پاکستان میں بھی اینٹی ملیریا ادویات کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو دی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں میو اسپتال لاہور کے چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم بتاتے ہیں کہ ملیریا سے بچاؤ کی ادویات کو کرونا کے مریضوں پر آزمایا گیا ہے جس کے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں۔
- By شمیم شاہد
خیبر پختونخوا میں ڈاکٹرز کی یومیہ اجرت پر بھرتی
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو یومیہ اجرت کی بنیاد پر بھرتی کرنے کیا جائے گا۔
محکمہ صحت نے بدھ کو اخبارات میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی یومیہ اجرت پر بھرتی کے لیے اشتہارات شائع کیے ہیں۔
سرکاری اشتہار کے مطابق مختلف امراض اور صحت کے شعبوں کے ماہر ڈاکٹرز کو روزانہ 15 سے 20 ہزار روپے جب کہ عام ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کو 10 سے 15ہزار روپے اجرت دی جائے گی۔
نرسز کو 7000 سے 9000 جب کہ پیرا میڈیکل اسٹاف کو 3000 سے 5000 روپے روزانہ ادا کیے جائیں گے۔
صوبائی کابینہ نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو فوری طور بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بلوچستان حکومت کی یقین دہانی، ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کر دی
بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے رہنماﺅں نے تمام مطالبات تسلیم کرنے کی حکومتی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کر دی ہے۔
بدھ کو سول سنڈیمن، بی ایم سی کمپلیکس اور دیگر سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز نے کام شروع کردیا ہے۔
منگل کو رات گئے صوبائی وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر یاسر اچکزئی نے کہا تھا کہ مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کر دی ہے۔
صوبائی وزیر زمرک اچکزئی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کی جائیں گے۔
ان کے بقول محکمہ صحت حکومت کی طرف سے ڈاکٹرز کو فراہم کیے گئے غیرمعیاری حفاظتی آلات کی بھی تحقیقات کی جائیں گے۔
انہوں نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا بھی اعلان کیا۔
ایران میں مقیم افغان شہریوں کے مفت علاج کا اعلان
ایران نے ملک میں مقیم افغان شہریوں کو کرونا وائرس کی صورت میں علاج کی مفت سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ ایران میں موجود افغان شہریوں کے علاج کا خرچ ایرانی حکومت برداشت کرے گی۔
افغانستان کے صدارتی آفس اور ایرانی وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ جواد ظریف نے منگل کو افغان صدر اشرف غنی اور ان کے سیاسی حریف عبداللہ عبداللہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔
گفتگو کے دوران کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کے علاوہ افغانستان کی سیاسی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق صدر غنی اور ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے وبائی مرض کی روک تھام کے لیے علاقائی تعاون اورایران سے افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق معاملات پر بھی مشاورت کی۔