وزیر اعظم بورس جانسن کی حالت اب بہتر ہے: برطانوی نائب وزیر صحت
برطانیہ کے نائب وزیر صحت ایڈورڈ آرگر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بورس جانسن لندن کے ایک اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں دوسری رات گزارنے کے بعد اب بہتر حالت میں ہیں۔
بورس جانسن کو کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
ایڈورڈ آرگر نے بتایا کہ بورس جانسن ٹھیک ہیں اور بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
برطانوی وزیر اعظم کو اتوار کے روز اس وقت اسپتال لے جانا پڑا جب آئسولیشن کے دوران ان کی حالت بدستور خراب رہی۔ وہ کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آئسولیشن میں چلے گئے تھے۔
برطانیہ میں دو ہفتوں سے لاک ڈاؤن کی صورت حال ہے جہاں اب تک کرونا وائرس کے 56000 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ وبا سے 6100 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
جنوبی کوریا میں غیر ملکیوں کی ویزا فری انٹری بند
جنوبی کوریا میں لاک ڈاؤن کے احکامات ابھی جاری نہیں کیے گئے تاہم ملک میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور اسکول بند کرنے کے ساتھ وائرس کے نئے کیسز کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔
جنوبی کوریا کی حکومت نے بدھ کو 53 نئے کیسز کی تصدیق کی۔
اس ہفتے اس کرونا وائرس کے نئے کیسز کی شرح لگ بھگ اسی سطح پر برقرار ہے۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ملک کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں سیول میں وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
کیسز بڑھنے کے بعد سیول کے میئر نے شہر میں موجود تمام بار اور نائٹ کلبز کی بندش کا حکم دے دیا ہے۔
جنوبی کوریا کے وزیر اعظم چنگ سوئے کیون نے غیر ملکیوں کے لیے ویزا فری انٹری بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سندھ میں شب برات کے اجتماعات اور قبرستان جانے پر پابندی
سندھ حکومت نے ایک نوٹی فکیشن کے ذریعے صوبے بھر میں شب برات کے موقع پر ہونے والے اجتماعات اور قبرستانوں میں جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
اسلامی مہینے شعبان کی 15 تاریخ کی درمیانی رات شب برات کی محافل کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ جس میں مسلمان عبادتیں کرتے ہیں اور اس دوران قبرستانوں میں جا کر اپنے پیاروں کی بخشش کے لیے دعائیں کرتے ہیں۔
البتہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر کی طرح صوبہ سندھ میں بھی لاک ڈاون ہے اور مساجد میں بھی نماز کی ادائیگی کے لیے تین سے پانچ افراد ہی کو جماعت کی اجازت دی گئی ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے میں عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر ہونے والی تقریبات پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ سندھ ملک میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا صوبہ ہے جہاں تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وائرس سے 1036 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جن میں سے 20 افراد کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 280 تک جاپہنچی ہے جبکہ صوبے بھر میں 10 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
کوئٹہ میں لاک ڈاؤن میں مزید سختی
کرونا وائرس کے باعث کوئٹہ میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید سختی کر دی گئی ہے۔ شہر میں صبح چھ بجے سے دوپہر تین بجے تک مکمل لاک ڈاؤن رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔