کرونا وائرس سے نوزائیدہ بچوں کی حفاظت اب اس طرح کی جائے گی!
تھائی لینڈ کے ایک اسپتال میں نومولود بچوں کو کرونا وائرس سے بچانے کے لیے خصوصی حفاظت کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر نومولود بچوں کے چہرے پر خصوصی شیلڈ لگائی جا رہی ہے۔
اسپتال کے عملے کی جانب سے بھی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہیں جن میں نوزائیدہ بچوں کے چہروں پر شیشے کی طرح شفاف شیلڈ یا ماسک پہنائے گئے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کمسن افراد اور بزرگوں کو جلدی متاثر کرتا ہے اس لیے اُنہیں اس وائرس سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات لازم ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق نومولود بچوں کو حفاظتی شیلڈ پہنانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ انہیں کرونا وائرس سے محفوظ رکھا جائے
- By سدرہ ڈار
پاکستان میں لاک ڈاؤن کے باعث متاثرہ افراد کی مدد کے لیے راشن کی تقسیم جاری ہے۔ لیکن ایک سماجی تنظیم اقلیتی برادری میں راشن تقسیم کر رہی ہے۔ منتظمین کے مطابق لوگ راشن کی تقسیم میں غیر مسلموں کو نظر انداز کر رہے ہیں تاہم ان کا ہدف یہ کمیونٹی ہے اور اب تک وہ 200 خاندانوں کو ضروری اشیا فراہم کر چکے ہیں۔
- By جمشید رضوانی
احساس کفالت سینٹر کے باہر بھگدڑ، خاتون ہلاک
ملتان کے علاقے قاسم پور کالونی میں 'احساس کفالت سینٹر' کے باہر امداد کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔ بھگدڑ کے نتیجے میں 65 سالہ خاتون دیگر خواتین کے قدموں تلے دب کر ہلاک ہو گئی۔
پینسٹھ سالہ خاتون کی لاش کو ریسکیو 1122 نے نشتر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق 65 سالہ بزرگ خاتون دھکم پیل میں پھسل کر نیچے گری تو دوسری خواتین اس کے اوپر سے گزر گئیں انہیں نشتر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
کیش پروگرام کے تحت ملتان کے ایک لاکھ بارہ ہزار افراد میں 12 ہزار روپے فی خاندان رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔
کمشنر ملتان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والی خاتون کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے۔ شنید یہ ہے کہ وہ بھگدڑ سے نہیں بلکہ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوئیں۔
کیش کی تقسیم کا یہ عمل جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں جاری ہے۔
امریکہ: اموات کے باوجود موسم گرما تک معمولات زندگی بحال ہونے کی اُمید
امریکہ میں کرونا وائرس کے باعث ہلاکتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال آنے والے مریضوں کی تعداد میں کمی سے وبا پر قابو پانے کی امید نظر آ رہی ہے۔ طبی ماہرین موسم گرما تک امریکہ میں معمولات زندگی بحال ہونے کی نوید بھی سنا رہے ہیں۔
کرونا وائرس کے باعث بے روزگاری میں اضافے اور معاشی نقصان کی وجہ سے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سماجی پابندیاں ہٹانا چاہتے ہیں۔ تاکہ امریکہ میں کاروبارِ زندگی جلد سے جلد دوبارہ بحال ہو سکے۔
امریکی صدر نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ تاریک سرنگ کے دوسری طرف روشنی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے امریکہ میں کیے گئے اقدامات سے اس مہلک وائرس سے متاثرہ مریضوں کی اسپتالوں میں داخلے کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے۔
امریکہ میں جمعرات کو کرونا وائرس کے باعث 1783 ہلاکتیں ہوئیں۔ جو بدھ کو ہونے والی ہلاکتوں سے 190 کم ہیں۔