کرونا ریلیف فنڈ کے تحت امدادی رقوم کی ادائیگی جاری
حکومت پاکستان کی طرف سے کرونا وائرس ریلیف فنڈ کے تحت لوگوں کو امدادی رقوم کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق افراد میں فی خاندان 12 ہزار روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ کئی شہروں میں رقم کی تقسیم کے دوران بدنظمی بھی دیکھنے میں آ رہی ہے اور سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔
نیو یارک کے قبرستانوں میں جگہ کم، اجتماعی قبروں میں میتوں کی تدفین
امریکہ کی ریاست نیویارک میں کرونا وائرس سے ہزاروں افراد کی ہلاکت کے بعد قبرستانوں میں تدفین کی لیے جگہ ختم ہو گئی ہے۔ لہٰذا نیویارک کے ہارٹ نامی جزیرے پر اجتماعی قبر کھود کر میتوں کو دفنایا جا رہا ہے۔
پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد 2280 ہو گئی
پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2280 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان مطابق 700 زائرین، 696 رائے ونڈ تبلیغی مرکز سے منسلک افراد، 80 قیدیوں اور 804 عام شہریوں میں اب تک وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں 220، ملتان میں 457 اور فیصل آباد میں 23 زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
تبلیغی جماعت سے منسلک افراد میں رائے ونڈ کے 449، شیخوپورہ نو، منڈی بہاؤ الدین 13، سرگودھا 22، میانوالی سات، وہاڑی 25، راولپنڈی میں چھ اور جہلم کے 26 افراد شامل ہیں۔
طورخم سرحد سے افغانستان کے لیے ٹرانزٹ گاڑیوں کی یکطرفہ بحالی
لگ بھگ تین ہفتوں کے تعطل کے بعد پاکستان کی طورخم سرحد سے افغانستان کے لیے ٹرانزٹ ٹریڈ کا سلسلہ جمعے کے روز سے دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان مصروف ترین گزرگاہ طورخم سرحد 'باب پاکستان' کے مقام پر پھنس جانے والی 34 کارکو گاڑیاں افغانستان میں داخل ہو گئی ہیں۔
ٹرانزٹ کارگو کے افغانستان میں داخلے کے وقت قبائلی ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر محمود اسلم وزیر بھی اُس موقع پر موجود تھے۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کارگو گاڑیوں کو پاکستانی ڈرائیورز افغانستان میں افغان ڈرائیورز کے حوالے کریں گے۔ پاکستانی ڈرائیوروں کو انسداد کرونا ایس او پی کے مطابق افغانستان روانہ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں 16 مارچ کو طورخم سرحد ہر قسم کی آمد و رفت کے لی بند کر دی گئی تھی۔