پاکستان کے صدر عارف علوی نے ایوانِ صدر میں نماز توبہ ادا کی
مظفر آباد: زیرِ علاج مریض میں وائرس کی تصدیق، اسپتال عملہ قرنطینہ میں چلا گیا
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے سرکاری اسپتال میں سرطان کے مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد طبی عملہ احتیاظً قرنطینہ میں چلا گیا ہے۔ اسپتال کے 29 ڈاکٹروں سمیت 61 ملازمین اسپتال سے چلے گئے ہیں۔
پاکستانی کشمیر کے وزیر برائے بہبود ابادی ڈاکٹر مصطفی بشیر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مریض کے ساتھ ملنے والوں اور اس کی رہائش گاہ کے اطراف رہنے والوں کو بھی الگ کیا جائے گا۔
استپال میں تعینات ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ مریض میں وائرس کی تشخیص کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
کراچی: نمازِ جمعہ کے اجتماع سے روکنے والی خاتون پولیس افسر پر تشدد
کراچی کے علاقے پیر آباد میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات سے روکنے والی خاتون پولیس افسر پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا اور انہیں زدوکوب کیا۔ خاتون افسر مساجد میں محدود اجتماعات کے احکامات پر عمل کرا رہی تھیں۔ خیال رہے کہ سندھ کی صوبائی حکومت نے نمازِ جمعہ کے اجتماعات روکنے کے لیے ساڑھے تین گھنٹے کا مکمل لاک ڈاؤن کیا تھا۔ لیکن اس کے باوجود کئی مساجد میں شہریوں نے نماز ادا کی۔
ناکافی انتظامات پر چیف جسٹس پاکستان کا ازخود نوٹس
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات پر ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ موجودہ چیف جسٹس کا یہ پہلا ازخود نوٹس ہے۔
سپریم کورٹ نے اس ضمن میں اٹارنی جنرل آف پاکستان، سیکریٹری صحت، سیکریٹری داخلہ، چاروں صوبائی حکومتوں کو بھی نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ 13 اپریل کو ازخود نوٹس پر سماعت کرے گا۔