پاکستان میں 65ہزار کرونا ٹیسٹ، 8 فی صد مثبت آئے
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5374 ہو گئی جب کہ حکومت نے 93 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کی ویب سائٹ 'کوئڈ' کے مطابق پاکستان میں اب تک 65ہزار سے زائد افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ اب تک 8.2 فی صد ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 336 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 5374 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید سات افراد کی موت کے بعد مجموعی تعداد 93 تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے 20 فی صد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جن کی تعداد 1095 ہے۔ 44 افراد انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں زیر علاج بتائے گئے ہیں۔
پاکستان میں سب سے زیادہ اموات خیبر پختونخوا میں 34 ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 30، پنجاب میں 23، گلگت بلتستان میں تین، بلوچستان میں دو اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں 47 کیسز کا اضافہ، تعداد 744 ہو گئی
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 744 ہے۔ وبا سے 145 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 34 کی موت ہوئی ہے۔
سول سیکرٹریٹ پشاور میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے اجمل خان وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں کرونا وائرس کے 47 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
ان کے بقول اب تک مجموعی طور پر 4305 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرونا وبا کے ٹیسٹ کرنے کی استعداد پانچ ہزار تک بڑھائی جائے گی۔
انہوں نے مقامی ذرائع ابلاغ پر 1100 زائرین کے غائب ہونے کی خبر کو غلط قرار دیا۔
حفاظتی اقدامات کے ساتھ جنازے کی ادائیگی
خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں ہلاک ہونے والے شخص کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔
جنازے میں شریک افراد نے سماجی دوری کی ہدایات پر عمل کیا اور مناسب فاصلے پر کھڑے ہو کر جنازے کی نماز ادا کی۔
تمام افراد نے چہروں پر ماسک لگائے ہوئے تھے جب کہ بعض افراد حفاظتی لباس میں بھی ملبوس تھے۔
ہلاک ہونے والے شخص کی میت کو تابوت میں رکھا گیا تھا۔
'بلوچستان میں لاک ڈاﺅن 21 اپریل تک ہوگا'
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں لاک ڈاﺅن 21 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد مریضوں کی تعداد دیکھ کر پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اس وقت کرونا وائرس کے 231 کیسز سامنے آئے ہیں۔
ان کے بقول 65 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں جب کہ 95 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
صوبے میں وبا کے 132 مریض اب بھی زیر علاج ہیں۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں لاک ڈاؤن کو 20 روز مکمل ہوگئے ہیں۔
پیر کو 21 ویں روز بھی تمام دُکانیں اور کاروبار ی مراکز بند ہیں جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی معطل ہے۔ رکشے اور نجی گاڑیوں میں دو سے زائد افراد بیٹھنے پا پابندی ہے۔
دوسری جانب تاجر برادری نے اعلان کیا ہے کہ منگل 14 اپریل کو ہر حال میں دُکانیں، کاروباری اور تجارتی مراکز کھول دیے جائیں گے۔
انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبد الرحیم کاکڑ کا کہنا ہے کہ صوبے کے دُکان دار ہر ماہ ہزاروں روپے کرائے، بجلی کے بل اور دیگر اخراجات کی مد میں برداشت کرتے ہیں۔
ان کے بقول طویل عر صے تک دُکانیں بند رکھنے کے باعث اب مزید نقصان برداشت نہیں کیا جا سکتا۔