- By ضیاء الرحمن
پنجاب میں 43 مختلف کاروبار کھولنے کی اجازت
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے صوبے بھر میں 43 مختلف کاروبار اور صنعتیں کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے بھر میں کرونا سے متاثرہ کیسوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ تاہم احتیاطی تدابیر کے ساتھ مخصوص کاروباری مراکز کھولے جا سکیں گے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر، ضروری خدمات سر انجام دینے والے دفاتر، ٹیلی کام کمپنیاں، دفاعی ساز و سامان بنانے والی صنعیتں، آئی ٹی کمپنیاں، سیکورٹی اینڈ ایکسچیینج کمیشن اور اِس کے ذیلی ادارے کھلیں گے۔
اسی طرح محکمہ صحت کے دفاتر، لیبارٹریاں، ادوایات بنانے والے کارخانے، کیمیکلز انڈسٹری، پلمبرز، رنگ ساز، الیکٹریشن، درزی، ویٹرنری سروسز، رئیل اسٹیٹ اور پراپرٹی ڈیلر دفاتر کھول سکتے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹیشنری و کتب کی دکانیں، شیشہ سازی کے یونٹس، پیپر اینڈ پیکیجنگ، پودوں کی نرسریاں، اشیا خور و نوش کی دکانیں، دودھ دہی کی دکانیں،سبزی اور پھل کی دکانیں، پیٹرول پمپس، ایل پی جی کے اسٹورز اور خیراتی دفاتر پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام بڑے کاروبای مراکز، شاپنگ مالز، بڑے ہوٹل، پبلک ٹرانسپورٹ، شادی ہالز، چھوٹے بڑے تمام تعلیمی ادارے، کالجز، یونیورسٹیاں، دینی مدارس، ٹیکنیکل ایجوکشن کے ادارے، جم خانے، اسنوکر کلبز اور امتحانات لینے والے ادارے بند رہیںں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ہر قسم کی تقریبات، محافل، دینی اور دنیاوی ہجوم پر پابندی برقرار رہے گی۔
- By جمشید رضوانی
لاک ڈاؤن کے دوران پڑھنے کے لیے مفت کتابیں دینے والا پبلشر
کرونا وائرس کے سبب جاری لاک ڈاؤن میں جہاں مخیر حضرات لوگوں کی مالی امداد کر رہے ہیں، وہیں ملتان کے ایک پبلشر لوگوں کو وقت گزاری کا بہترین مصرف فراہم کر رہے ہیں۔ وہ لوگوں کو کتابیں مفت فراہم کر رہے ہیں تاکہ لاک ڈاؤن میں میسر فارغ وقت میں لوگ کتابوں سے مستفید ہو سکیں۔ دیکھیے جمشید رضوانی کی رپورٹ
بھارت: وارانسی کے شمشان گھاٹ ویران
دنیا بھر میں جہاں کرونا وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وہیں بھارت کے شہر وارانسی میں مردوں کی آخری رسومات کے لیے مقدس سمجھے جانے والے شمشان گھاٹ ویران ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کرونا وائرس کی وبا پھیلنے سے پہلے یہاں ہر روز تقریباً 300 مردے جلائے جاتے تھے جب کہ اب یہ بمشکل 40 مردے سپرد آتش کیے جاتے ہیں۔
وارانسی کے شمشان گھاٹ میں پہلے ایک ایک مردے کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے 100 افراد آتے تھے تو اب یہ تعداد صرف چار یا پانچ افراد تک محدود ہو گئی ہے۔
بھارتی ریاست اترپردیش میں واقع وارانسی شہر کو صوفیانہ شہر کی سی حیثیت حاصل ہے۔
سندھ میں مارکیٹیں کھولنے سے متعلق فیصلہ دو روز کے لیے ملتوی
حکومت سندھ کے اعلان کے تحت بدھ کو بیشتر صنعتوں میں کام کا آغاز ہو گیا ہے۔ تاہم اہم کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور ٹرانسپورٹ بدستور بند ہیں۔
سندھ حکومت نے تاجروں سے ملاقات کے بعد طے کیا ہے کہ چھوٹے کاروبار کو کھولنے سے قبل ایس او پی تیار کیے جائیں گے جس کے بعد تاجروں اور حکومت نے مارکیٹوں کو کھولنے سے متعلق فیصلہ دو روز کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔
لاک ڈاون میں نرمی کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں اضافہ ہو گیا ہے تاہم پبلک ٹرابسپورٹ کو بند رکھنے کے باعث لوگوں کو مشکلات کا بھی سامنا ہے۔
پولیس کی جانب سے لوگوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے اہم شاہراہوں پر ناکے بھی بدستور قائم ہیں۔
صوبے میں پلمبرز، حجام، الیکٹریشن، مکینک، زرعی مشنری مکینک، سیمنٹ پلانٹ، کھاد انڈسٹری، اینٹوں کے بھٹے، ڈرائی کلینر، بلڈنگ مٹیریل، سینیٹری ٹائلز کی دکانیں، ماربلز فیکٹریز، ٹیلر،کریانہ، دودھ اور دھی کی دکانیں صبح چھ سے رات نو بجے تک کھلی رہیں گی۔
ویٹرنری اسپتال، ای کامرس، سافٹ وئیر ڈویولپنگ، فلاحی تنظیموں کے دفاتر، منرلز پلانٹ، بک شاپ، فوٹو کاپی شاپ، اور کار پینٹرز، رنگ ساز، مستری، مزدور، میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔
الیکٹرک اسٹور، بیکریز، بینک، ہارڈویئر شاپ، لیبارٹریز، نجی اسپتال صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کھلیں گے لیکن یہاں کام کرنے والوں کو ماسک اور دکان پر ہینڈ سینٹائزر ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔