ایران: ٹیکنالوجی کے شعبے سے منسلک خواتین مشکلات کا شکار
ایران میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ نے جہاں ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ وہیں ٹیکنالوجی کے شعبے میں تگ و دو کے بعد نوکری حاصل کرنے والی ایرانی خواتین کو اپنی ملازمتیں بچانے کا چیلنج بھی درپیش ہے۔
کرونا وائرس کے باعث ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ بہت سی خواتین گھروں سے کام کر رہی ہیں۔ انہی میں فرشتے قصری بھی شامل ہیں، جن کے بقول گھر سے کام کرنے کے فوائد بھی ہیں اور نقصانات بھی۔
فرشتے ایران کی آن لائن بکنگ کی سب سے بڑی سروس 'علی بابا' کے 'ہیومن ریسورس' شعبے کی سربراہ ہیں۔
کرونا وائرس کے باعث ٹریولنگ کا شعبہ بھی سب سے متاثرہ ہونے والے کاروبار میں شامل ہے۔ فرشتے اور ان کے ساتھیوں کو بھی اپنی ملازمتوں کے تحفظ کے حوالے سے کئی خدشات ہیں۔
کرکٹ سے دوری کے باعث 'ردھم' میں آنے میں وقت لگے گا: بابر اعظم
پاکستان کرکٹ ٹیم کے قابل اعتماد بلے باز بابر اعظم نے اعتراف کیا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث کرکٹ نہ ہونے سے صلاحیتوں کو زنگ لگ رہا ہے۔ لیکن اُن کے بقول بنیادی تبدیلیوں کے بعد وہ 'ردھم' میں آ جائیں گے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ "کرکٹ سے طویل دوری سستی پیدا کر سکتی ہے۔ لیکن اگر کرکٹر اپنی بنیاد یاد رکھے تو دوبارہ ردھم میں آ سکتا ہے۔"
اُنہوں نے کہا کہ ردھم حاصل کرنے میں وقت لگے گا۔ لیکن وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور لوگ اسی بابر اعظم کو دوبارہ دیکھیں گے۔ جسے اُنہوں نے چند ہفتے قبل دیکھا تھا۔
بابر اعظم مارچ کے وسط میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) منسوخ ہونے کے بعد دیگر کھلاڑیوں کی طرح گھر تک ہی محدود ہیں۔ عالمی سطح پر کرکٹ سمیت دیگر تمام کھیلوں کی سرگرمیاں بھی معطل ہیں۔
امریکہ: طبی عملے کے لیے کنسرٹ میں مشہور گلوکاروں کی گھروں سے پرفارمنس
امریکہ میں کرونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں فرنٹ لائن ورکز اور طبی عملے کی حوصلہ افزائی کے لیے 'ریموٹ کنسرٹ' کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ٹیلر سوفٹ، لیڈی گاگا، رولنگ اسٹونز، سمیت دیگر گلوکاروں نے اپنے گھروں سے فن کا مظاہرہ کیا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق 'ون ورلڈ ٹو گیدر ایٹ ہوم' کے نام سے کنسرٹ امریکہ کے 26 ٹی وی نیٹ ورکس پر بیک وقت نشر کیا گیا۔ جسے لگ بھگ دو کروڑ دس لاکھ امریکیوں نے دیکھا۔
امریکہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں ہونے والے کنسرٹ میں مذکورہ گلوکاروں نے لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے اپنے گھروں سے کنسرٹ میں حصہ لیا۔
کوئی نہیں چاہتا مساجد ویران ہوں: وزیر اعظم عمران خان
عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ طویل لاک ڈاؤن کے ساتھ بھی وبا پر قابو نہیں پا سکتا۔ دیگر ممالک بھی لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کے طریقہ کار پر غور کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے بہت برا لگا جب دیکھا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پولیس ڈنڈے مار رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں لوگ عبادت کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان ایک آزاد معاشرہ ہے۔ آزاد معاشرے میں لوگ آزاد ذہن سے فیصلے کرتے ہیں۔
ان کے بقول اگر رمضان میں مساجد میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے اور لوگ وہاں جائیں تو کیا نمازیوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے علما کے ساتھ ملک کر ایک لائحہ عمل بنایا ہے اور فیصلہ کیا گیا کہ مساجد میں جانے کے لیے طے شدہ ہدایات نامے پر عمل کیا جائے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر طے شدہ ہدایات نامے پر عمل نہ ہوا اور مساجد سے وبا پھیلی تو علما کے ساتھ طے شدہ 20 نکاتی ہدایت نامے میں یہ شامل ہے کہ حکومت کارروائی کرے گی اور مساجد کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئی نہیں چاہتا مساجد ویران ہوں۔