- By ثمن خان
لاہور: ریستوران مالک ڈاکٹروں کے لیے حفاظتی لباس بنانے لگے
کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی عملے کو درکار حفاظتی لباس ان دنوں نایاب ہیں اور مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں۔ ایسے میں لاہور کے ایک ریستوران مالک طبی عملے کے لیے حفاظتی سامان تیار کر رہے ہیں اور سستے داموں فروخت کر رہے ہیں۔
کرونا کے علاج کے لیے ملیریا کی ادویات بے اثر
امریکی حکومت کی معاونت سے ہونے والے ایک مطالعے میں انکشاف ہوا ہے کہ کرونا وائرس کے علاج کے لیے ملیریا کی ادویات کا استعمال بے اثر بلکہ اموات میں اضافے کا بھی باعث بن رہا ہے۔
گو کہ اس اسٹڈی کا دائرہ کار محدود ہے لیکن اس میں کہا گیا ہے کہ جن مریضوں کو ملیریا کی ادویات دی گئی اُن کی شرح اموات علاج کے دیگر طریقوں کے مقابلے میں زیادہ تھی۔
خیال رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ملیریا کی ادویات سے علاج کو سود مند قرار دیا تھا۔ جس کے بعد دنیا بھر میں 'ہائیڈروکسی کلوروکوئن' نامی دوا کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
مذکورہ جائزے میں امریکہ میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے 368 سابق فوجی اہلکاروں کے میڈیکل ریکارڈ کو بنیاد بنایا گیا۔ جو 11 اپریل تک اسپتالوں میں زیرِ علاج رہ کر صحت یاب ہوئے یا ہلاک ہوئے۔
کرونا وائرس کے سات کیسز، اسلام آباد کا مدرسہ اور مسجد سیل
اسلام آباد کے ایک مذہبی تعلیمی ادارے میں کرونا وائرس کے سات کیسز مثبت آنے کے بعد مدرسے اور مسجد کو سیل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ اسلام آباد کے سیکٹر-ایف سیون میں مدرسہ باب الاسلام ہے جہاں کے خطیب قائم علی شاہ کے والد کا دو روز قبل انتقال ہوا تھا۔
ان کے بقول خطیب قائم علی شاہ کے والد کا کرونا کا ٹیسٹ لیا گیا تھا جس کا رزلٹ مثبت آیا۔ اس کے بعد ان کے اہل خانہ اور قریب رہنے والے افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تو سات افراد کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے۔ جس کے بعد مدرسے اور مسجد کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس بارے میں مزید تحقیق بھی کی جا رہی ہے جب کہ جو افراد ان سے رابطے میں رہے ان کے بارے میں بھی جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
- By سہیل انجم
بھارت کے بڑے شہروں میں صحافی تیزی سے وبا سے متاثر ہونے لگے
بھارت میں فیلڈ میں کام کرنے والے صحافی بھی اب کروناوائرس کے شکار ہونے لگے ہیں۔ ممبئی کے 53 اور چنئی کے 25 صحافیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ دونوں مقامات کے متاثرہ صحافیوں کی اکثریت نیوز چینلز سے تعلق رکھتی ہے۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 167 صحافیوں کا کرونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
ممبئی کے سینئر صحافی اشوک باگریا کے مطابق ایک نیوز چینل کی پوری ٹیم کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
میونسپل کارپوریشن آف گریٹر ممبئی کے کےمطابق الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا دونوں سے وابستہ رپورٹرز، فوٹوگرافرز اور کیمرا پرسنز کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ وبا سے متاثر تمام صحافیوں کو گورے گاؤں کے ایک اسپتال میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
تمل ناڈو محکمہ صحت کے مطابق چنئی میں ایک نیوز چینل کے 90 صحافیوں کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جن میں سے 25 صحافیوں کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
دہلی حکومت کی جانب سے بھی صحافیوں کا مفت کرونا ٹیسٹ شروع کر دیا گیا ہے۔