- By زبیر ڈار
بھارتی کشمیر میں رمضان میں راشن فراہمی کی تیاری
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت نے رمضان میں لوگوں کو خوراک پہنچانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 30 ہزار کے قریب امدادی سامان کے پیکٹ بنائے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق امدادی سامان رمضان میں لوگوں کو پہنچایا جائے گا۔
قانونی تارکینِ وطن کے امریکہ داخلے پر 60 روز کی پابندی عائد
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےنقل مکانی کر کے امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے کے خواہش مند افراد کی آمد پر 60 روز کی پابندی عائد کر دی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امیگریشن پر عائد کردہ نئی پابندی کا اطلاق صرف اُن افراد پر ہوگا جو امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے کے لیے گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کرونا وائرس کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے امریکیوں کو دوبارہ ملازمت حاصل کرنے کے سلسلے میں تحفظ فراہم کرنا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس پابندی کو وہ ایک انتظامی حکم نامے کے ذریعے نافذ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس پر وہ امکانی طور پر بدھ کے روز دستخط کریں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس: تین ملازمین کا ٹیسٹ مثبت، بیشتر کو آنے سے روک دیا گیا ہے
دنیا کے کئی ممالک میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے لیکن پاکستان کی پارلیمنٹ میں اس حوالے سے تاحال کوئی سرگرمی سامنے نہیں آئی۔
پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) اور ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کے ارکان کی مجموعی تعداد 446 ارکان ہے۔ تاہم کسی بھی رکن کی جانب سے قانون سازی کا کوئی بل سامنے نہیں آیا البتہ حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرائی ہے۔
قانون کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ کو ایک سال میں 130 دن کا سیشن مکمل کرنا ہوتا ہے۔ سینیٹ کا 12 مارچ کے بعد سے اب تک کوئی اجلاس نہیں ہوا۔ قومی اسمبلی کے بھی ابھی صرف 100 دن مکمل ہوئے ہیں اور جولائی تک انہیں بھی 130 دن مکمل کرنے ہیں۔
اس بارے میں سینئر صحافی اور پارلیمانی رپورٹرز ایسویسی ایشن کے سابق صدر صدیق ساجد کہتے ہیں کہ اس وقت ارکان پارلیمنٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ خود خوف کا شکار ہیں۔
ان کے بقول حکومت کی طرف سے اعلان نہیں کیا گیا لیکن یہ حقیقت ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر کام کرنے والے تین ملازمین کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد بیشتر ملازمین کو پارلیمنٹ آنے سے روک دیا گیا ہے۔
افغانستان کے 14صوبوں میں وائرس کے 51 نئے کیسز
افغانستان کی وزارت صحت نے 14 صوبوں میں وبا کے 51 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی ہے ۔
وزارت صحت کے مطابق افغانستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 1176 ہو گئی ہے۔
افغان وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر وحید اللہ مائر نے بتایا کہ اب تک 40 اموات ہو چکی ہیں جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 166 ہے۔