کرونا وائرس: صدر ٹرمپ اور عمران خان کی فون پر گفتگو
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں ٹیلی فون رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں میں کوویڈ 19 کی موجودہ صورتحال، اس سے درپیش چیلنجوں، عالمی اقتصادیات پر اس کے اثرات اور ان اثرات میں کمی لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کرونا وبا کے ٹیسٹ کے حوالے سے امریکی صدر نے جدید ترین تیز رفتار مشین وزیر اعظم کو بھجوانے کی پیشکش بھی کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، آج وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماوں نے کوویڈ 19 اور اس سے درپیش چیلنجوں، عالمی اقتصادیات پر اس کے اثرات اور ان اثرات میں کمی لانے، علاقائی معاملات اور پاک امریکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی۔
ترجمان کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے کوویڈ 19 وبا کے باعث امریکہ میں بے شمار قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا اور کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔
اٹلی میں کرونا وائرس سے 25 ہزار اموات
امریکی ریاست نیویارک میں عالمگیر وبا سے اموات کی تعداد 20 ہزار اور اٹلی میں 25 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ جرمنی میں کیسز کی تعداد ڈیڑھ لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ لیکن، ان میں سے تقریباً ایک لاکھ صحت یاب ہوچکے ہیں۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق 210 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد سوا 26 لاکھ اور ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار ہوچکی ہے۔
24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں 763، فرانس میں 544، اٹلی میں 437، اسپین میں 435، بیلجیم میں 264، سویڈن میں 172، برازیل میں 165، جرمنی میں 164، میکسیکو میں 145، نیدرلینڈز میں 138، کینیڈا میں 132 اور ترکی میں 117 مریض چل بسے۔ ایران میں 94 اور روس میں 57 افراد ہلاک ہوئے۔
امریکہ میں بدھ کی سہ پہر تک 25 ہزار نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی اور 1900 اموات کی خبر ملی تھی۔ ملک میں 43 لاکھ ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں 8 لاکھ 40 ہزار مثبت آئے ہیں۔
اٹلی میں ہلاکتوں کی کل تعداد 25085، اسپین میں 21717، فرانس میں 21340، برطانیہ میں 18100، بیلجیم میں 6262، ایران میں 5391، جرمنی میں 5250، چین میں 4632 اور نیدرلینڈز میں 4054 ہو چکی ہے۔
امریکہ میں 46700 سے زیادہ ہلاکتوں کا علم ہو چکا ہے۔ ان میں نیویارک میں 20167، نیوجرسی میں 5063، مشی گن میں 2813، میساچوسیٹس میں 2182، پینسلوانیا میں 1622، الی نوئے میں 1565، کنیٹی کٹ میں 1544، لوزیانا میں 1473 اور کیلی فورنیا میں 1407 اموات ہوچکی ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے اثرات
- By شمیم شاہد
خیبرپختونخوا میں 86 نئے کیسز سامنے آگئے
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 86 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1453 ہو گئی ہے جب کہ اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 83 ہے۔
محمکہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں اب تک صحت یاب ہونے افراد کی تعداد 414 ہے۔