ٹوکیو اولمپکس کو مزید ملتوی کرنا ناممکن ہے: جاپان
جاپان کے مختلف حلقوں میں ٹوکیو اولمپکس 2020 کے مزید التوا پر بحث کی جا رہی ہے۔ تاہم جاپان کی اولمپکس کمیٹی کے صدر نے اولمپکس مقابلوں کے مزید التوا کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
ٹوکیو اولمپکس کی انتظامی کمیٹی کے صدر یوشیرو موری کا کہنا ہے کہ اولمپکس میں ایک سال سے زیادہ تاخیر نہیں کی جاسکتی۔ ایونٹ پہلے ہی کرونا وائرس کے سبب تاخیر کا شکار ہے۔
اس ہفتے کے شروع میں ایک جاپانی ماہر اور کوبی یونیورسٹی میں متعدی امراض کے پروفیسر کینتارو ایواٹا نے خیال ظاہر کیا تھا کہ 2021 میں بھی ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد دکھائی نہیں دیتا۔
کینتارو کا کہنا تھا کہ صرف جاپان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں کرونا وائرس کو قابو کرنے کی ضرورت ہے اور یہ اتنا آسان نہیں ہے۔ موجودہ صورتِ حال میں کھیلوں کے مقابلے بھی نہیں ہو سکیں گے۔
ماہ رمضان، کرونا کے باوجود پاکستان کے بازاروں میں رش
بھارت: کیا لاک ڈاؤن کی آڑ میں مسلماںوں کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں؟
بھارت کی پولیس نے دہلی فسادات کے الزامات پر سیکڑوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جن میں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے وہ طلبہ بھی شامل ہیں جو متنازع شہریت ترمیمی بل کے خلاف تحریک میں پیش پیش تھے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دہلی فسادات کے سلسلے میں اب تک 802 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
کرائم برانچ نے 182 جب کہ شمال مشرقی دہلی کی پولیس نے 620 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
دہلی فسادات کے الزام میں پولیس نے جن ملزمان کو گرفتار کیا ہے اُن پر مقدمات قائم کرتے ہوئے بغاوت، قتل، فسادات اور مذہب کی بنیاد پر منافرت پھیلانے کے الزامات کی دفعات شامل کی ہیں۔
پولیس نے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے یو این) کے بعض ان طلبہ کو بھی گرفتار کیا ہے جو شہریت ترمیمی بل کے خلاف تحریک میں شامل تھے۔ ان طلبہ کے خلاف دہشت گردی کے قانون (یو اے پی اے ) کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے اُن پر تشدد کے لیے اُکسانے کا الزام بھی ہے۔
پولیس نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم میران حیدر اور ایک سیاسی جماعت راشٹریہ جنتا دل کی طلبہ تنظیم کی رہنما صفورہ زرگر کو گرفتار کیا ہے۔
پاکستانی کشمیر میں لاک ڈاؤن میں چار ہفتوں کی توسیع
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی حکومت نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن میں مزید چار ہفتوں کی توسیع کر دی ہے۔
پاکستانی کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ اس دوران پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رہے گی۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہفتے میں دو دن جمعے اور منگل کو مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ اس دوران شادی بیاہ اور ہر قسم کے اجتماع پر پابندی برقرار رہے گی۔
راجہ فاروق حیدر کے بقول دکانیں اور مارکیٹس صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔ بزرگوں اور بچوں کے مارکیٹس میں آنے پر مکمل پابندی ہو گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف موقع پر کارروائی کی جائے گی۔