پاکستان میں ریکارڈ یومیہ ہلاکتیں
پاکستان میں پیر کو کرونا وائرس سے 20 اموات ہوئی ہیں جو اب تک ایک روز کے دوران ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 'کووڈ 19' کے مزید 751 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
اموات اور مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد ملک بھر میں مجموعی ہلاکتیں 301 ہو گئی ہیں جب کہ مریضوں کی تعداد 14 ہزار سے زائد ہے۔ صوبہ پنجاب میں کرونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 5640 ہے۔
اس کے علاوہ سندھ میں 4956، اسلام آباد میں 261، خیبر پختونخوا میں 1984، بلوچستان میں 853، گلگت بلتستان میں 320 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 65 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ہلاکتوں کی تعداد صوبہ خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ ہے جہاں 100 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 335 کیسز رپورٹ
صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 335 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس سے صوبے میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5291 ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس کے سب سے زیادہ نئے مریض کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 258 ہے۔
صوبائی حکومت کے مطابق پیر کو 4112 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں 'کووڈ 19' کے مریضوں کی شرح 8.15 فی صد رہی ہے۔ اس سے قبل یہ شرح 11 سے 12 فی صد کے درمیان تھی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق کرونا کے نئے مریضوں کی شرح میں کمی اچھی علامت ہے۔
دوسری جانب پیر کو صوبۂ سندھ میں مزید 37 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے بھر میں کرونا وائرس کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد 963 ہو گئی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے بھر میں اس وقت کرونا کے 4236 مریض زیر علاج ہیں۔ ان میں سے 2915 مریض اپنے گھروں ہی میں آئسولیٹ ہیں۔
آئسولیشن مراکز میں 872 مریض جب کہ 449 مریض اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جب کہ 35 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جس کے بعد وہ اپنے گھر ہی میں آئسولیشن میں ہیں۔
گورنر سندھ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کے اہل خانہ، قریبی ساتھیوں، ان سے ملاقات کرنے والوں اور تحریک انصاف کے بعض اراکین اسمبلی کا بھی ٹیسٹ کرایا گیا ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے 301 اموات، 14 ہزار سے زائد مریض
دنیا بھر میں کرونا سے دو لاکھ 11 ہزار سے زائد ہلاکتیں