پاکستان میں ہلاکتیں 346 ہو گئیں
پی آئی اے کو پہلی مرتبہ امریکہ براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت
پاکستان کی قومی ایئر لائن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکہ براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی درخواست پر واشنگٹن کی طرف سے ایک ماہ کے لیے اجازت دی گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ نے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ جس کے مطابق پی آئی اے ایک ماہ کے دوران 12 پروازیں چلا سکتا ہے۔
اس سے قبل پی آئی اے نے کبھی براہ راست امریکہ کے لیے پروازیں نہیں چلائیں۔ براہ راست پروازوں کی اجازت نہ ہونے کے باعث یورپ یا برطانیہ کے ہوائی اڈوں سے سیکیورٹی کلیئرنس ہونے کے بعد پروازیں امریکہ جاتی تھیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ براہ راست پروازوں کی اجازت ملک کی سیکیورٹی صورت حال میں بہتری، حکومتی پالیسی اور پی آئی اے کے سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کی عکاس ہے۔
حکمران اشرافیہ نے فیصلہ کیا کہ ملک میں لاک ڈاؤن کرنا ہے: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران اشرافیہ نے فیصلہ کیا کہ ملک میں لاک ڈاؤن کرنا ہے۔ وبا نے امیروں اور غریبوں میں تمیز نہیں کی لیکن حکمران اشرافیہ گھبرا گئے۔ یومیہ کمانے والے کے بارے میں نہیں سوچا گیا۔
طبی مصنوعات کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس نے سکھایا کہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے۔ قوم کو پورا ویژن دیں گے۔ ہمارا ویژن کسی چھوٹے طبقے کے لیے نہیں پورے ملک کے لیے ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے پہلے ہر شخص علاج کے لیے بیرون ملک جاتا تھا۔ کرونا وائرس کے بعد سب ملک میں علاج کرا رہے ہیں۔ ہمیں اپنے اسپتال درست کرنے ہیں اور انہیں بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اشرافیہ کا طبقہ مغرب سے بے انتہا متاثر تھا۔ اعلیٰ طبقے نے ملکی پیداواری صلاحیت کو کمزور بنایا ہوا تھا۔
پاکستان میں پیداواری صلاحیت موجود ہے۔ جوملک جوہری ہتھیار بنا سکتا ہے اس کے لیے وینٹی لیٹر بنانا مشکل ہے؟
عمران خان نے کہا کہ ڈیڑھ سال ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں گزر گیا۔
ان کے بقول پاکستان نے ماضی میں تعلیم اور تحقیق پر پیسہ خرچ نہیں کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قومیں خود پر اعتماد کرکے آگے جاتی ہیں۔ برطانیہ چھوٹا سا ملک لیکن دنیا پر حکمرانی کرتا رہا۔ مدینہ کی ریاست کا نمونہ سب کے لیے بہترین مثال ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خود اعتمادی لوگوں کومشکلات سے نبرد آزما ہونے کے قابل بناتی ہے۔ بدقسمتی سے ہم میں خود اعتمادی کی کمی رہی۔ خود اعتمادی سے غلامانہ سوچ سے نکلا جا سکتا ہے۔
بھارت کے وزیر اعظم کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے ملک بند کر دیا غریب لوگوں کا سوچا ہی نہیں۔ لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا سوچا ہی نہیں گیا کہ یومیہ کمانے والے کا کیا بنے گا۔