امریکہ: ریاست مشی گن میں احتجاج کے دوران مظاہرین سرکاری عمارت میں داخل
امریکہ کی مختلف ریاستوں میں لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کیے جا رہے ہیں۔ جمعرات کو ریاست مشی گن میں احتجاج کے دوران مظاہرین زبردستی سرکاری عمارت میں گھس گئے جن میں سے بعض افراد کے پاس ہتھیار بھی تھے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر لاک ڈاؤن کے احکامات واپس لیے جائیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہر امریکی اور مشی گن کے ہر شہری کا حق ہے کہ وہ کام کرے اور اپنے خاندان کی کفالت کرے۔ کرونا وائرس یا کسی اور وجہ سے ان کے آزادانہ نقل و حرکت کے حقوق کو سلب نہیں کیا جا سکتا۔
امریکہ میں لاک ڈاؤن کے خلاف ان ریاستوں میں احتجاج کی شدت زیادہ ہے جن کے گورنرز کا تعلق ڈیموکریٹک جماعت سے ہے۔
شواہد دیکھے ہیں کرونا کے پھیلاؤ کا تعلق ووہان کی لیبارٹری سے ہے: ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا تعلق ووہان کی لیبارٹری سے ہے اور اس سے متعلق شواہد انہوں نے خود دیکھے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران صحافیوں نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں چین کی لیبارٹری کے کردار سے متعلق کچھ شواہد دیکھے ہیں ۔ جس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ یہ شواہد دیکھ چکے ہیں۔
صحافیوں نے ان شواہد سے متعلق مزید جاننے کی کوشش کی تاہم صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ یہ تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے۔
صدر ٹرمپ نے چین کو عندیہ دیا کہ وہ چینی مصنوعات پر مزید ٹیکس عائد کرنے جا رہے ہیں۔ اُن کے بقول، وہ ایسا مختلف انداز سے کریں گے جس سے امریکہ کو زیادہ سے زیادہ رقم ملے گی۔
بورس جانسن ملک میں معاملات زندگی بحال کرنے کے لیے پر امید
برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے زور میں کمی آئی ہے۔ اگلے ہفتے معمولات زندگی کی جانب واپسی کے لیے منصوبہ بندی کی جائے گی۔
کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد بورس جانسن سرکاری رہائش گاہ ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر کھڑے ہو کر پہلے مرتبہ صحافیوں سے مخاطب ہوئے۔
برطانوی عوام کو حوصلہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام لاک ڈاؤن میں عائد کردہ پابندیوں پر عمل کریں۔ جس کی وجہ سے معمولات زندگی اور معیشت متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔
برطانیہ، یورپ میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ جہاں اس وبا سے 26 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
پاکستان میں ایک روز کے دوران سب سے زیادہ کیسز رپورٹ