رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

17:31 7.5.2020

سندھ میں ایک ہی روز میں ریکارڈ 14 ہلاکتیں

پاکستان کے صوبے سندھ میں کرونا وائرس سے ایک ہی روز میں 14 ریکارڈ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس سے قبل صوبے میں 29 اپریل کو زیادہ سے زیادہ 12 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔

اسی دوران صوبہ سندھ میں مزید 453 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد نو ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں بدھ کو مجموعی طور پر تین ہزار 534 ٹیسٹ کئے گئے تھے۔ اب تک کیے گئے ٹیسٹس کی تعداد 76 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

سندھ میں کرونا وائرس سے بدھ کو ہونے والی 14 ہلاکتوں کے ساتھ اس وائرس سے موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد بڑھ کر 171 ہو گئی ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق اس وقت صوبے میں سات ہزار سے زائد کرونا کے مریض زیرِ علاج ہیں۔ جن میں سے 5858 افراد گھروں میں، 683 آئسولیشن سینٹرز اور 528 اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

ان میں سے 87 مریضوں کی حالت تشویش ناک بھی بتائی جاتی ہے۔ اسی طرح ایک ہی روز میں 122 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

ادھر صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شہری کو زبردستی 'آئسولیشن سینٹر' میں منتقل نہیں کیا جائے گا۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ہر شہری کا یہ اختیار ہے کہ وہ گھر میں خود ساختہ تنہائی اختیار کرتا ہے یا اسپتالوں میں آتا ہے۔ لیکن گھر میں آئسو لیشن کے لیے محکمہ صحت کے ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

17:35 7.5.2020

افغانستان میں کرونا کے مزید 171 کیس رپورٹ

افغانستان کی وزارتِ صحت نے ملک کے 13 صوبوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 171 کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جس کے بعد ملک بھر میں کرونا کیسز کی تعداد 3563 ہو گئی ہے۔

نائب وزیر صحت ڈاکٹر واحداللہ مجروح نے کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 106 بتائی ہے۔

انہوں نے کابل میں دن کے اوقات میں کرفیو کی خلاف ورزی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ کابل میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 925، ہرات میں 707، قندھار میں 464، بلخ میں 230 اور پکتیا میں 155 ہے۔

17:44 7.5.2020

اقوامِ متحدہ کا غریب ممالک کی مزید امداد پر زور

اقوام متحدہ نے کرونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے غریب ممالک کو اربوں ڈالر کی مزید امداد پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی بھلائی کے ادارے کا کہنا ہے کہ یہ امداد کروڑوں انسانوں کی جانیں بچانے اور غریب ممالک میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

ادارے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ غریب ممالک میں کرونا وائرس کے اثرات انتہائی مقام تک پہنچنے میں تین سے چھ ماہ تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ تاہم ان ممالک میں لوگوں کا روزگار اور ان کی آمدن ختم ہو گئی ہے اور وہاں خوراک کی فراہمی وسیع پیمانے پر کم ہو رہی ہے۔ بچوں کو مختلف امراض کے خلاف ویکسین دینے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

اس ادارے نے اس سے قبل دو ارب ڈالر کی ہنگامی امداد کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم جمعرات کو ادارے کا کہنا تھا کہ اب اس کام کے لیے چھ ارب 70 کروڑ ڈالرز کی ضرورت ہے۔

انسانی بھلائی کے ادارے کے سربراہ مارک لوکُک کا کہنا ہے کہ اگر اس وقت عورتوں، بچیوں اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقوں کی فوری مدد نہ کی گئی تو کرونا وائرس اور اس کے نتیجے میں پیدا ہوانے والے عالمی معاشی انحطاط کے اثرات کئی برس تک جاری رہیں گے اور یہ صورت حال کہیں زیادہ پریشان کن ہو گی۔

امداد میں میں اضافے کا یہ نیا مطالبہ موجودہ صورتِ حال سے شدید طور پر متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان، فلپائن، جیبوتی، لائبیریا، موذمبیق، سیرا لیون، ٹوگو اور زمبابوے سمیت نو ملکوں کو شامل کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔

17:50 7.5.2020

خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں اور ہلاکتوں میں اضافہ

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔

صوبے میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3712 ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 213 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

صوبے میں کرونا کے باعث مرنے والوں کی تعداد ملک بھر میں سب سے زیادہ 203 ہے۔

وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانے پر کام ہو رہا ہے۔ اُن کے بقول ابتداً صرف 20 ٹیسٹ کیے جا رہے تھے۔ لیکن اب روزانہ 1500 ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اسپتالوں میں اب تک 150 سے زیادہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے اہلکار کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG