وائٹ ہاؤس کے اہلکار کا کرونا ٹیسٹ مثبت، صدر و نائب صدر کا ٹیسٹ منفی
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد صدر و نائب صدر کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
وائٹ ہاؤس میں تعینات امریکی فوجی اہلکار کا بدھ کو کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا۔
جمعرات کو اوول آفس میں ٹیکساس کے گورنر سے ملاقات کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کرونا سے متاثرہ اہلکار اُن سے رابطے میں تھا۔
اُن کے بقول، وہ کرونا وائرس سے متاثرہ اہلکار کو اچھی طرح جانتے ہیں، وہ ایک اچھا شخص ہے، اس میں کرونا وائرس کی تشخیص ہونا حیران کن ہے۔
گھروں میں کام کرنے والے ملازمین بے روزگار
دریائے گنگا کے پانی سے کرونا کے علاج کی درخواست مسترد
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے مودی حکومت کی آبی وسائل کی وزارت 'جل شکتی' کی اس درخواست کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ، اس بات کی تحقیق کی جائے کہ دریائے گنگا کے پانی سے کرونا وائرس کا علاج ہو سکتا ہے۔
میڈیکل ریسرچ کونسل نے ایک ویب سائٹ ”دی پرنٹ“ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چوں کہ وہ کرونا سے لڑنے پر اپنی توجہ مبذول کیے ہوئے ہے اس لیے وہ اس معاملے میں پڑنے اور تحقیق کرنے میں اپنا وقت برباد کرنا نہیں چاہتی۔
جل شکتی کی وزارت نے ایک غیر سرکاری تنظیم 'اتولیہ گنگا' کی مذکورہ تجویز کونسل کو پیش کی تھی۔ تنظیم نے اپنی اس درخواست کی کاپی آبی وسائل کی وزارت اور وزیرِ اعظم کے دفتر کو بھی ارسال کی تھی۔
مذکورہ تنظیم کا کہنا ہے کہ دریائے گنگا کے پانی میں 'ننجا وائرس' نام کا ایک وائرس ہے جس سے کووڈ۔19 کا علاج ہو سکتا ہے۔
ہانگ کانگ میں زندگی معمول پر آنے لگی
ہانگ کانگ میں کرونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں میں نرمی کے بعد سنیما، بارز، بیوٹی پارلرز اور جم کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
چین کے زیرِ انتظام ہانگ کانگ میں جمعے سے بعض کاروبار کو کھولا گیا ہے۔ سنیما، بیوٹی پارلرز اور جم کے ملازمین کئی ہفتوں بعد اپنی اپنی ملازمت پر آئے تو ان کا درجہ حرارت چیک کیا گیا۔
اپریل کے اوائل میں ہانگ کانگ کے تمام تفریحی مراکز بند کر دیے گئے تھے جہاں ایک مرتبہ پھر معمول کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو رہی ہیں۔
ہانگ کانگ میں گزشتہ 18 روز کے دوران کرونا وائرس کے کیسز اہک ہندسے میں آگئے ہیں اور گزشتہ 11 روز کے دوران اس وبا سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔