- By علی فرقان
قومی اسمبلی کا اجلاس شروع، کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے اقدامات پر بحث ہو گی
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی صدارت میں شروع ہو گیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے آغاز پر کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔
خیال رہے کہ اجلاس میں کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے حکومت کے اقدامات پر بحث ہو گی۔
کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت تمام ارکان سمیت متاثرہ مریضوں کی صحت یابی کے لیے بھی اجلاس میں دعا کی گئی۔
- By علی فرقان
'ڈاکٹرز نے سختی سے منع کیا ہے کہ شہباز شریف قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کریں'
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارٹی نے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق پارٹی نے یہ فیصلہ شہباز شریف کے ڈاکٹرز کی تحریری رائے کی تائید کرتے ہوئے کیا ہے۔ ڈاکٹرز نے سختی سے منع کیا ہے کہ شہباز شریف قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کریں۔
مسلم کی ترجمان کجے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کینسر سرجری اور قوت مدافعت میں کمی سے ان کی صحت کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس کے لیے حکمت عملی کی منظوری دے دی ہے۔
وائرس کے اثرات وائٹ ہاؤس تک پہنچ چکے ہیں
وائٹ ہاؤس کے دو اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں سے ایک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معاون جب کہ دوسرے نائب صدر مائیک پینس کی پریس سیکریٹری ہیں۔
نائب صدر مائیک پینس کے ترجمان ڈیون اومیلی کا کہنا ہے کہ مائیک پینس کا بھی کرونا ٹیسٹ کیا گیا ہے جو منفی آیا ہے۔ وہ آج سے اپنے فرائض دوبارہ سنبھال چکے ہیں۔
ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نائب صدر پینس قرنطینہ میں نہیں ہیں تاہم وہ وائٹ ہاؤس کے میڈیکل یونٹ کی تجاویز پر پوری طرح عمل کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ ترین طبی مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔ تاہم انہوں نے سیلف آئی سولیشن میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
افغانستان میں ڈاکٹرز کا مریضوں کا علاج کرنے سے انکار
افغانستان کی وزارت صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 285 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔
افغانستان میں اب کرونا مریضوں کی تعداد 4687 ہو گئی ہے۔
کابل میں دوسرے روز بھی کیسز کی تعداد میں باقی صوبوں کے مقابلے میں زیادہ اضافہ ہوا اور کیسز کی تعداد 1257 ہو گئی۔
نائب وزیر صحت واحد اللہ مجروح نے اب تک کرونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد 122 بتائی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ افغانستان میں ابھی کرونا وائرس اپنی انتہا کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کے کچھ ارکان نے اسپتالوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے سے انکار کیا ہے۔