اسپین میں بیرون ممالک سے آنے والے افراد کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا
اسپین کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے افراد کو دو ہفتوں تک قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔ تاکہ اسپین میں باہر سے کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے نہ آ سکیں۔
اسپین میں کرونا وائرس کے شدید اثرات کے باعث گزشتہ سات ہفتوں سے لاک ڈاؤن کی سخت پابندیاں عائد رہی ہیں۔
منگل کے روز وزارتِ صحت کے ایک حکم میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں اور اسپین کے باشندوں کے لیے قرنطینہ کی پابندیاں جمعے سے نافذ العمل ہوں گی۔
ان پابندیوں کے دوران لوگوں کو صرف گروسری اور دوائیں خریدنے کے لیے باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔
چین میں ایسے ہی اقدامات کے ذریعے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا گیا تھا۔ تاہم چین میں اب پابندیاں رفتہ رفتہ ہٹائی جا رہی ہیں۔
دنیا بھر کے ملکوں میں اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے نئے اقدامات اختیار کیے جائیں یا پھر لوگوں کو معمول کی زندگی میں لوٹنے کی اجازت دے دی جائے۔ سنگاپور میں آج منگل کے روز حجاموں، بیکریوں اور کپڑے دھونے کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
بھارت میں بھی مارچ کے بعد سے آج پہلی بار ٹرین سروس بحال کی جا رہی ہے۔ تاہم مسافروں کو بخار چیک کرانے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کا پابند بنایا جا رہا ہے۔
جنوبی کوریا میں ان افراد کی تلاش جاری ہے جو دارالحکومت سیول کے نائٹ کلبوں میں گئے تھے جہاں کرونا وائرس سے متاثرہ بہت سے افراد کی نشاندہی ہوئی تھی۔
سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے کہ فون اور کریڈٹ کارڈ کے ڈیٹا سے ایسے لگ بھگ 2,000 افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جائیں۔ مذکورہ نائٹ کلبوں کے 100 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
پشاور ہائی کورٹ 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی پشاور ہائی کورٹ کو 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق عدالتیں، بار رومز، ڈسپنسری سمیت ہائی کورٹ کے دفاتر بھی بند رہیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صرف دو سنگل بینچ ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کریں گے۔
یہ فیصلہ پشاور ہائی کورٹ میں کرونا کیس سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔
افغانستان میں کرونا کے مزید 281 کیس رپورٹ
افغانستان کی وزارتِ صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ-19 کے 281 نئے کیسز کی اطلاع دی ہے۔
افغانستان میں اب کرونا مریضوں کی کل تعداد 4963 ہو گئی ہے۔ کابل میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ملک میں سب سے زیادہ ہے جہاں 1341 کرونا مریض ہیں۔
نائب وزیر صحت ڈاکٹر واحداللہ مجروح نے وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 127 بتائی ہے۔ 610 مریض اب تک صحت یاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کووڈ-19 کی وبا ابھی بھی افغانستان میں اپنی انتہا تک نہیں پہنچی ہے۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مزید دو کیس رپورٹ
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید دو افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد مجموعی کیس 88 ہو گئے ہیں۔
پاکستانی کشمیر میں اب تک 3055 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے2977 کے رزلٹ آ چکے ہیں۔ ان میں سے 68 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 19 مریض اب بھی زیرِ علاج ہیں۔