بلوچستان کے وزیر خزانہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت
بلوچستان کے وزیر خزانہ ظہور بلیدی بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ اپنی ٹوئٹ میں ظہور بلیدی نے کہا کہ اُن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ لہذٰا اُنہوں نے خود ساختہ تنہائی اختیار کر لی ہے۔
کرونا وائرس موسم خزاں میں دوبارہ زور پکڑے گا: ڈاکٹر رک برائٹ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کرونا کا علاج ملیریا کی دوا کلورو کوئن کے معاملے پر اختلاف کرنے والے ڈاکٹر رک برائٹ آج امریکی ایوانِ نمائندگان میں اپنا بیان دیں گے۔
ڈاکٹر رک برائٹ کا کہنا تھا کہ اُنہیں اس لیے برطرف کر دیا گیا تھا کیوں کہ وہ حکومت کی کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی میں سائنس کو بنیادی فوقیت دینے پر اصرار کرتے رہے تھے۔
ایوان نمائندگان کی صحت سے متعلق ذیلی کمیٹی میں اپنے ابتدائی کلمات میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات سے بخوبی آگاہ ہونا چاہیے کہ ہم کس قسم کی صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں دنیا کے بہترین سائنس دان موجود ہیں۔ لہذا انہیں کرونا وائرس کے خلاف مہم کی قیادت کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
ڈاکٹر رک برائٹ کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس کے اراکین یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اس وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت کی حکمت عملی کیا ہے جس سے اب تک امریکہ میں 84,000 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں کہ کرونا وائرس اس سال موسم خزاں میں دوبارہ زور پکڑے گا جس سے اس سے نمٹنے کا چیلنج مزید مشکل ہو جائے گا۔ کیونکہ اس کے ساتھ ساتھ موسمی نزلہ زکام بھی پیدا ہو گا۔
اُن کے بقول اس وقت ملک کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام پر شدید دباؤ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سمیت دیگر طبی ماہرین نے جو اقدامات تجویز کیے ہیں ان پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت عمل کیے بغیر 2020 کا موسم سرما امریکی تاریخ کے بدترین موسم کا روپ اختیار کر سکتا ہے۔