پاکستان میں کیسز کی تعداد 40ہزار سے متجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ 'کویڈ' کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 1352 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 40151 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ متاثرہ افراد سندھ میں ہیں جن کی تعداد 15590 ہے جب کہ پنجاب میں مریضوں کی تعداد 14584 ہے۔
خیبر پختونخوا میں 5847، بلوچستان میں 2544، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 947، گلگت بلتستان میں 527 جب کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 112 افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔
پاکستان میں 24 گھنٹوں میں مزید 39 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 39 افراد کی موت ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 837 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی شرح 2.2 فی صد ہے جب کہ اب تک وائرس میں مبتلا ہونے والے 28 فی صد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق وائرس سے سب سے زیادہ افراد کی ہلاکت خیبر پختونخوا میں ہوئی ہے جہاں 305 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
سندھ میں 268، پنجاب میں 252 جب کہ بلوچستان میں 36 افراد کی موت وائرس سے ہو چکی ہے۔
حکام نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 7، گلگت بلتستان میں 4 اور کشمیر میں ایک فرد کی ہلاکت کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
دوسری جانب صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 11341 بتائی جا رہی ہے جن میں سب سے زیادہ افراد پنجاب کے ہیں جن کی تعداد 4883 ہے۔
سندھ میں 3804، خیبر پختونخوا میں 1699، بلوچستان میں 417، گلگت بلتستان میں 348، اسلام آباد میں 113 جب کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 77 افراد وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس: پاکستان میں 20 سے 40 سال کے افراد کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ
پاکستان میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ افراد 20 سے 40 سال کے افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو رہے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 40151 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جن میں 20 سے 40 سال کے درمیان متاثرہ افراد کی تعداد 42.5 فی صد ہے۔
پاکستان میں وائرس سے متعلق سرکاری ویب سائٹ پر موجود اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ ہلاکت شدگان میں 20 سے 40 سال کی عمر کے افراد کی شرح 4.44 ہے۔
دوسری جانب 60 سے 70 سال کی عمر کے افراد کے متاثر ہونے کی شرح تو 9.36 فی صد ہے تاہم ان کی ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ پاکستان میں ہلاک ہونے والے 32 فی صد افراد کی عمر 60 سے 70 سال کے درمیان تھی۔
پولیو سے متاثرہ ڈاکٹر کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر
کرونا وائرس کے خلاف جاری مہم میں لاہور کی ڈاکٹر نادیہ عطا بھی فرنٹ لائن پر مصروف ہیں۔ پولیو وائرس سے متاثر ہونے کے باوجود ڈاکٹر عالیہ گنجان آباد علاقوں میں جاکر کرونا کے ٹیسٹس کرتی ہیں اور متاثرہ افراد کو قرنطینہ سینٹرز تک پہنچاتی ہیں۔ ڈاکٹر عالیہ کی کوششوں کے بارے میں دیکھتے ہیں یہ ڈیجیٹل رپورٹ