بھارت میں ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے پانچ ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 96 ہزار 169 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت کے وزیرِ صحت نے پیر کو کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتِ حال بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں پانچ ہزار 242 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو ایک روز کے دوران کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بھارت میں ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب حکومت نے لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے کے لیے گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جس کا اطلاق 31 مئی تک رہے گا۔
بھارت میں لاک ڈاؤن میں بدستور نرمی کی جا رہی ہے۔ لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے میں ریاستوں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کرونا سے متاثرہ علاقوں میں کس قسم کی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اختیار دیتی ہیں۔
اس سے قبل مرکزی حکومت نے متاثرہ علاقوں کو مختلف رنگوں کے زون میں تقسیم کر دیا تھا۔
سپریم کورٹ کا ملک بھر میں شاپنگ مالز کھولنے کاحکم
پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے ہیں کہ مارکیٹیں بند کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے اور آج ملک کے تمام شاپنگ مالز اور بازار کھولنے کا حکم دیں گے۔
سپریم کورٹ میں پانچ رکنی لارجر بینچ کرونا وائرس پر از خود نوٹس کی سماعت کر رہا ہے۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے کمشنر کراچی کو دکانیں اور مارکیٹیں سیل کرنے سے روک دیا اور ریمارکس دیے کہ دکانیں سیل کرنے کے بجائے ایس او پیز پر عمل کرائیں۔ جو دکانیں سیل کی گئی ہیں انہیں بھی کھول دیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عید پر رش بڑھ جاتا ہے۔ ہفتے اور اتوار کو بھی مارکیٹیں بند نہ کرائی جائیں۔ بہت سے گھرانے صرف عید پر ہی نئے کپڑے پہنتے ہیں۔
سندھ میں ہفتے اور اتوار کو مارکیٹیں بند رکھنے پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہفتے اور اتوار کو مارکیٹیں بند رکھنے کا کیا جواز ہے؟ کرونا وائرس ہفتے اور اتوار کو کہیں چلا نہیں جاتا، کیا کرونا نے بتایا ہے کہ وہ ان دونوں دنوں نہیں آتا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عید پر مارکیٹیں ہفتے اور اتوار کو بند نہیں ہوں گی اور بڑے شاپنگ مالز کھولنے سے متعلق بھی آج ہی حکم جاری کریں گے۔
- By شمیم شاہد
خیبر پختونخوا: بین الاضلاع ٹرانسپورٹ کے لیے ایس او پی جاری
خیبر پختونخوا حکومت نے بین الاضلاع ٹرانسپورٹ کے لیے نیا ایس او پی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر بسوں پر جراثیم کش اسپرے کرنا لازمی ہو گا۔
نئی ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو گاڑیوں کے پچھلے گیٹ سے داخل اور اگلے سے اترنا ہو گا جب کہ مسافروں کے بس اڈوں میں داخل ہوتے ہی درجہ حرارت تھرمل گن سے چیک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کی جانب سے بس ٹرمینلز کی صفائی اور انتظار گاہ میں سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے بس اڈوں میں ہاتھ دھونے کے لیے صابن اور سینیٹیائزر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رش سے بچنے کے لیے اڈوں میں گاڑیوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح مسافروں کو بھیڑ سے بچانے کے لیے اضافی اسٹاف بھرتی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈرائیور کے جسم کا درجہ حرارت اور ماسک و دستانے پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مسافروں کو بھی ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکومتی ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں میں کولنگ سسٹم کے استعمال پر پابندی ہو گی۔ مسافر گاڑیوں کے دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں گی۔
پاکستان کی افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت شروع
پاکستان اور افغانستان کے درمیان لگ بھگ دو ماہ بعد دو طرفہ تجارت بحال ہو گئی ہے۔
پیر سے طورخم اور چمن کی گزرگاہوں کے ذریعے سامان سے لدے درجنوں ٹرک اور ٹرالرز دونوں جانب سے اپنی اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔
اسی طرح پشاور سے لنڈی کوتل اور لنڈی کوتل سے میچنی چیک پوسٹ تک پھنسنے والی گاڑیاں بھی طورخم کی طرف روانہ ہو گئی ہیں۔
کرونا وائرس کے باعث پاکستان نے افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کا سلسلہ گزشتہ ماہ کے وسط میں روک دیا تھا۔
بعد ازاں افغان حکومت کی درخواست پر وزیرِ اعظم عمران خان نے محدود پیمانے پر پاکستان سے برآمدات، کراچی کے راستے ٹرانزٹ ٹریڈ اور سرحد پار افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے لیے سامان رسد شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔
اس فیصلے کے مطابق ہفتے میں تین دن طورخم اور چمن کی گزرگاہوں کے ذریعے صرف پاکستان سے برآمدات کی اجازت تھی جب کہ افغانستان سے ہر قسم کی درآمدات مکمل طور پر بند تھی۔