رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

09:12 20.5.2020

پاکستان میں دو ماہ بعد ٹرین سروس بحال

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں 25 مارچ سے بند مسافر ٹرینیں ایک مرتبہ پھر چلا دی گئی ہیں۔ راولپنڈی سے آج صبح چھ بجے پاکستان ایکسپریس کراچی کے لیے روانہ ہو گئی ہے جب کہ دوسری ٹرین لاہور سے راولپنڈی کے لیے صبح سات بجے روانہ ہوئی۔

کراچی سے پشاور کے لیے خیبر میل آج رات 11 بجے روانہ ہو گی۔

ریلوے حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں سے 30 ٹرینیں چلائی جائیں گی جن میں مسافروں کو کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنا لازم ہو گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام مسافر ماسک لگانے کے پابند ہوں گے۔ اسٹیشن پر مسافروں کے علاوہ کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

حکام کے مطابق حفاظتی انتظامات کی خلاف ورزی پر مسافر کو پہلے 500 اور پھر 1000 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔ ایس او پیز کی تیسری بار خلاف ورزی پر مسافر کو ٹرین سے اتار دیا جائے گا۔

12:28 20.5.2020

بھارت میں ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ، 42 ہزار افراد وائرس سے صحت یاب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں منگل کو کرونا وائرس کے 5611 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو اب تک ایک روز کے دوران سامنے آنے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

بھارت میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ چھ ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ 3300 سے زائد اموات ہوئی ہیں۔

وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے 140 افراد کی موت ہوئی ہے جب کہ اب تک 42 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

بھارت میں حزبِ اختلاف کی جماعت کانگریس نے جمعہ کو اپوزیشن جماعتوں کی ایک میٹنگ طلب کی ہے جس میں کرونا کی صورت حال اور یومیہ مزدوروں کی بدحالی سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں 18 اپوزیشن جماعتوں کی شرکت کا امکان ہے۔

12:49 20.5.2020

رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کرونا وائرس سے انتقال کر گئیں

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کرونا وائرس سے انتقال کر گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ایم پی اے شاہین رضا کی طبیعت کرونا وائرس کے باعث چار روز قبل خراب ہوئی تھی اور انہیں علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال گوجرانوالہ منتقل کیا گیا تھا۔

حالت زیادہ خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا لیکن اُن کی حالت نہ سنبھل سکی اور بدھ کی صبح وہ انتقال کر گئیں۔

شاہین رضا پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مخصوص نشستوں پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔

پاکستان میں اِس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی سمیت مختلف ارکانِ قومی اور صوبائی اسمبلی بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں لیکن وائرس سے کسی بھی رکن اسمبلی کی یہ پہلی ہلاکت ہے۔

شاہین رضا کے انتقال پر وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

14:15 20.5.2020

خیبرپختونخوا: عوامی نیشنل پارٹی کے متعدد رہنما وائرس سے متاثر

خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے عوامی نیشنل پارٹی کے کئی رہنما متاثر ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین کے بھائی محمد سریر وائرس سے انتقال کر گئے تھے جب کہ میاں افتخار حسین بھی وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور گھر میں قرنطینہ میں ہیں۔

میاں افتخار حسین اپنے بھائی کی نمازِ جنازہ میں شریک تھے تاہم ان کی حالت بگڑنے پر انہیں گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور بھی دو دن قبل وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ ان کے خاندان کے دیگر افراد کے ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG