- By مدثرہ منظر
کیا امریکہ میں کرونا وائرس کی بر وقت روک تھام ممکن تھی؟
کسی بھی صورتِحال سے نمٹنے کیلئے بر وقت ضروری اقدامات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ کرونا وائرس کی وبا سے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کے متاثر ہونے اور موت کا شکار ہونے کے بعد اب اس بارے میں بھی بات ہو رہی ہے کہ آیا اس وبا سے بچنے کے اقدامات بر وقت کئے گئے تھے؟
اخبار 'دی نیو یارک ٹائمز' نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اگر امریکہ میں سوشل ڈسٹینسنگ یا سماجی فاصلے کا آغاز اس سے ایک ہفتہ پہلے کر دیا جاتا جب مارچ کے مہینے کے وسط میں امریکی ریاستوں میں لوگوں کو گھروں میں بند ہو کر رہنے کیلئے کہا گیا تو چھتیس ہزار جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔
امریکہ میں صحتِ عامہ کے عہدیدار فروری کے اوائل میں ہی کرونا وائرس سے خبردار کر رہے تھے۔ اسی کا نتیجہ تھا کہ سان فرانسسکو میں بڑی کمپنیوں کے مالکان اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کر رہے تھے۔ ساتھ ہی ریاست واشنگٹن میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا تھا۔ باقی دنیا کی بات کیجئے تو یہی وقت تھا جب جنوبی کوریا، ویت نام اور دیگر ممالک کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سخت اقدامات کر رہے تھے۔
امریکہ کا طبی عطیہ کرنے پر پاکستان کا خیر مقدم
امریکہ نے پاکستان کی جانب سے سرجیکل ماسک اور کرونا وائرس کے حفاظتی لباس کا عطیہ دینے پر خیرمقدم کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کرونا وائرس سے بچاؤ کا حفاظتی سامان بھیجنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ماسک اور حفاظتی لباس ارسال کرنا کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں یکجہتی کی علامت ہے جس میں ہم ایک ساتھ ہیں۔
پنجاب میں آج سے تمام مارکیٹیں رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی
حکومتِ پنجاب نے جمعے سے تمام مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ صوبائی حکومت کی طرف سے زائرین کے لیے مزارات بھی کھول دیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر تجارت میاں اسلم اقبال نے وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار کی منظوری کے بعد عید کی خریداری کے لیے مارکیٹوں کے اوقات میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق پنجاب بھر میں چاند رات تک مارکیٹوں کے اوقات کار صبح نو بجے سے رات دس بجے تک ہوں گے۔
یاد رہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے اب تک اٹھارہ ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ اس وبا سے صوبے میں 310 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
پاکستان میں ایک روز میں 50 اموات، کیسز بھی 50 ہزار سے متجاوز
پاکستان میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس سے مزید 50 افراد ہلاک اور 2603 افراد میں مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ اب تک ملک بھر میں اس وبا سے ایک دن میں ہلاک اور کیسز کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک چار لاکھ 45 ہزار 987 افراد کے کرونا وائرس ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ جمعے کو جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 16 ہزار 387 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 50 ہزار 694 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 15 ہزار 201 صحت یاب ہو چکے ہیں۔