رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

12:16 22.5.2020

بھارت: قرنطینہ مرکز میں موجود تبلیغی جماعت کے اراکین کا ہائی کورٹ سے رجوع

تبلیغی جماعت کے 916 غیر ملکی اراکین نے قرنطینہ مراکز سے رہائی کے لیے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

تمام درخواست گزاروں نے نئی دہلی کے نظام الدین علاقے میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز میں منعقد ہونے والے اجتماع میں شرکت کی تھی۔ تمام افراد کو 30 مارچ سے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ اُن کا کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود قرنطینہ مرکز سے باہر جانے نہیں دیا جا رہا جو کہ آئین کی دفعات 14, 21 اور 22 کی خلاف ورزی ہے۔

دریں اثنا بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے ریکارڈ 6088 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس مرض سے 148 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔

بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 447 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 48 ہزار 533 شفایاب ہو چکے ہیں۔

13:34 22.5.2020

پنجاب میں کاروباری مراکز عید کے پیشِ نظر رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت

حکومتِ پنجاب نے عیدالفطر تک بازاروں، شاپنگ مالز اور مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل کر دیے ہیں۔ مراسلے کے مطابق تمام بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار شام پانچ بجے سے بڑھا کر رات دس بجے تک کر دیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق صوبے بھر میں تمام بازار صبح نو بجے سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔

سیکریڑی پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس کے مطابق بازار کھولنے کا نوٹی فکیشن کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ بازاروں کے نئے اوقات کار 21 مئی سے 24 مئی تک لاگو ہوں گے۔

محکمہ اوقاف کے زیرِ انتظام صوبے بھر کے تمام مزار بھی کھول دیے گئے ہیں۔ لیکن مزارات پر حاضری کے لیے آنے والے زائرین پر جاری کردہ ایس او پیز پر عمل لازم ہو گا۔

پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت کی زیرِ صدارت ایک اجلاس میں عید کی تعطیلات کے دوران راولپنڈی انتظامیہ کو مری جانے والے سیاحوں پر ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

13:47 22.5.2020

احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو صورتِ حال مزید خراب ہو سکتی ہے: ڈاکٹر ظفر مرزا

وزیر اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے ریکارڈ 50 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو صورتِ حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کا بنیادی نکتہ سماجی فاصلے برقرار رکھنا ہے۔

ظفر مرزا نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ 24 گھنٹوں کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو صورتِ حال تشویش ناک ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ رمضان کے آغاز میں جو ایس او پیز بنائے اس پر عمل بھی ہوا اور خلاف ورزیاں بھی ہوئیں۔

معاونِ خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی اس لیے کی گئی تاکہ لوگ عید کی خریداری کر لیں۔ دکانوں، ٹرانسپورٹ اور شہریوں کے لیے ایس او پیز بھی بنائے گئے ہیں۔

ظفر مرزا کے بقول شاپنگ مالز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ایس او پیز میں ماسک کا استعمال ضروری قرار دیا گیا ہے۔

اُنہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ عید کی نماز پر وہی تمام تدابیر اپنائیں جو رمضان میں تراویح اور مساجد میں اپنائی گئی تھیں۔ بجائے مسجد میں جانے کے گھروں میں عید کی نماز ادا کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ عید مختلف عید ہے آپ نے ایک دوسرے سے گلے نہیں ملنا، فاصلہ رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو عید مبارک کہیں۔

گلے ملنا انفیکشن کے پھیلاؤ کا موجب بن سکتا ہے بڑی تیزی سے وائرس پھیل سکتا ہے۔

14:32 22.5.2020

'کرونا وائرس کی دوسری لہر آتی ہے تو امریکہ کو بند نہیں کریں گے'

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر کرونا وائرس کی دوسری لہر آتی ہے تو وہ امریکہ کو بند نہیں کریں گے۔ صدر نے کرونا وائرس سے متعلق خدشات کے باوجود امریکہ کی تمام ریاستوں میں کاروبار دوبارہ کھولنے پر بھی زور دیا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مستقل لاک ڈاؤن کسی ریاست یا ملک کی حکمت عملی نہیں ہو سکتی۔

ریاست مشی گن میں وینٹی لیٹرز کی تیاری میں تبدیل میں ہونے والے فورڈ موٹر کمپنی پلانٹ کے دورے پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ "لوگ ان ریاستوں میں پابندیوں کو نہیں مانیں گے جو معمولات زندگی بحال نہیں کر رہیں۔"

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ملک کرونا وائرس کے بعد ایک بھرپور واپسی کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے سبب امریکی معیشت زوال کا شکار ہے اور پچھلے نو ہفتوں کے دوران تین کروڑ 86 لاکھ امریکیوں نے بیروزگاری الاؤنس کے لیے درخواست دی ہے۔

امریکہ کی تمام 50 ریاستوں نے کئی ہفتوں کی بندش کے بعد جزوی طور پر کاروبار کھولنے کا عندیہ دیا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "ہم اپنے گرجا گھر کھولنے جا رہے ہیں، ہم اپنا ملک کھولنے جا رہے ہیں۔"

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG