پاکستان میں ایک روز میں ریکارڈ کیسز
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پہلی مرتبہ 3938 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ اس وائرس میں مبتلا مزید 78 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1621 تک پہنچ گئی ہے۔ اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 76 ہزار 398 ہے جس میں سے 27 ہزار 110 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں اب تک پانچ لاکھ 77 ہزار 974 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ صرف پیر کو 16 ہزار 548 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
سنگاپور: لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اسکول کھل گئے
سنگا پور میں کرونا وائرس لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لگ بھگ دو ماہ کے وقفے سے اسکول کھل گئے ہیں۔
اسکول آنے والے طلبہ ماسک پہن کر اسکول پہنچے کو ان کے جسم کا درجہ حرارت چیک کیا گیا جب کہ کلاسز میں بھی طلبہ کو فاصلے سے بٹھایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ معمولاتِ زندگی آہستہ آہستہ بحال کیے جا رہے ہیں۔ منگل سے پالتو جانوروں کے سیلون، شادی ہالز اور بعض دیگر کاروبار کھول دیے گئے ہیں۔
- By شمیم شاہد
کرونا وائرس کو شکست دینے والے رکنِ قومی اسمبلی چل بسے
قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے رکنِ قومی اسمبلی میاں منیر اورکزی انتقال کر گئے ہیں۔ وہ حال ہی میں کرونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد صحت یاب ہوئے تھے۔
میاں منیر کے بھتیجے عرفان اللہ نے منگل کو ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ میاں منیر کو نمازِ فجر کی ادائیگی کے لیے جگانے کی کوشش کی تو وہ نہ اٹھ سکے جس پر انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق منیر اورکزی کا انتقال حرکتِ قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا ہے۔
چند ہفتے قبل منیر اورکزئی کرونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے مگر بعد میں ڈاکٹروں نے انہیں صحت یاب قرار دیا تھا۔
پنجاب میں سرکاری دفاتر میں اوقات کار کا نیا شیڈول جاری
پاکستان کے صوبے پنجاب میں سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق ایسے سرکاری دفاتر جہاں ہفتے میں پانچ روز کام ہوتا ہے ان کے لیے پیر سے جمعرات تک صبح دس بجے سے شام چار بجے تک دفتر کھلے گے جب کہ جمعے کو دفتر اوقات صبح دس سے دوپہر ایک بجے تک کے لیے ہو گا۔
اسی طرح ہفتے میں چھ روز کام کرنے والے دفتری اوقات پیر سے جمعرات اور ہفتے کو صبح دس بجے سے دوپہر تین بجے تک ہوں گے۔ جب کہ جمعے کو صبح دس بجے سے دوپہر ایک بجے تک دفتروں میں کام ہو گا۔