سندھ حکومت کا بدھ سے انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان
حکومتِ سندھ نے بدھ سے اندرونِ شہر چلنے والی ٹرانسپورٹ اور تمام آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز کو مشروط طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے تمام ذمہ داران سے مشاورت کے بعد کراچی میں انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ کھولی جا رہی ہے۔
ان کے بقول شہر کے اندر گاڑی چلانے کی اجازت تمام آن لائن ٹرانسپورٹ سروس کے لیے بھی ہو گی۔
یاد رہے کہ سندھ میں صرف کراچی واحد شہر ہے جہاں انٹرا سٹی بسیں چلتی ہیں جب کہ کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروس کی سہولیات دستیاب ہیں۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے مانیٹرنگ اور انسپیکشن ٹیم بھی بنائی گئی ہے جس میں ٹرانسپورٹ اور ریونیو کے افسران بھی شامل ہوں گے۔
لاہور میں کرونا کے چھ لاکھ 70 ہزار سے زائد مریض ہیں: رپورٹ
پنجاب میں کرونا کے حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کی ایک سمری سامنے آئی یے جو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھیجی گئی۔
اس سمری میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لاہور میں کرونا وائرس خطرناک حد تک پھیل گیا ہے، کوئی بھی رہائشی علاقہ اور قصبہ وبا سے محفوظ نہیں ہے۔ 15 مئی کو لاہور میں کرونا کے مریضوں کی تعداد چھ لاکھ 70 ہزار تک پہنچ چکی تھی۔
یہ سمری سیکریٹری محکمہ صحت پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے 15 مئی کو وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی۔
سمری میں بتایا گیا کہ کرونا ہاٹ اسپاٹ، رہائشی اور کام کی جگہوں سے عام لوگوں کے نمونے لیے گئے، جس کے نتیجہ میں معلوم ہوا کہ عمومی طور پر لیے گئے نمونوں میں 5.18 اور اسمارٹ نمونوں میں میں 6.01 فی صد ٹیسٹ مثبت آئے۔
سمری میں انکشاف کیا گیا کہ تمام نمونوں میں 6 فی صد کا ٹیسٹ مثبت رہا اور بعض علاقوں میں یہ شرح 7.14 فی صد رہی۔
سمری کے مطابق لاہور کے مختلف ٹاؤنز، رہائشی اور کام کی جگہوں سے 12500 سے زائد سیمپل لیے گئے تھے۔
صورتِ حال کے پیش نظر ٹیکنیکل ورکنگ گروپ نے چار ہفتوں کے مکمل لاک ڈاؤن کی سفارش کی ہے۔
اس بارے میں پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے 'جیو نیوز' پر ایک انٹرویو میں اس رپورٹ کی تصدیق کی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف اندازہ لگانے کے لیے تھا کہ لاہور شہر میں کتنے کیسز ہو سکتے ہیں۔ اس بارے میں کوئی حتمی بات نہیں کہ اتنے کیسز موجود ہیں۔ جس وقت یہ سمری آئی اسی وقت سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہدایت کر دی لیکن ہم نے لاک ڈاؤن سخت کرنے کا کہا تھا۔
اس سمری کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ کرونا نے 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو متاثر کیا ہے۔
پنجاب میں اب تک سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 26 ہزار 240 افراد کرونا سے متاثر ہیں جبکہ 497 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ صرف لاہور میں متاثرین کی تعداد 12 ہزار 490 اور ہلاکتوں کی تعداد 199 ہے۔
محکمہ صحت کی یہ سمری لاہور کے ایک کروڑ 18 لاکھ آبادی کے تناسب سے بنائی گئی ہے۔ اگر یہ تناسب پنجاب کے مختلف شہروں میں دیکھا جائے تو صرف پنجاب میں ہی کرونا کے مریضوں کی تعداد لاکھوں میں ہو سکتی ہے۔
اس بارے میں وفاقی وزیر پلاننگ اور کرونا کے لیے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اسد عمر کہتے ہیں کہ ایسی کوئی رپورٹ ان کی نظروں کے سامنے سے نہیں گزری۔
پاکستان میں یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں کیسز سامنے آرہے ہیں اور اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور بیڈز کی کمی کی شکایت بھی عام ہیں۔
نیوزی لینڈ میں کرونا کا پھیلاؤ رکنے کے بعد آئندہ ہفتے اہم فیصلے متوقع
نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد توقع ہے کہ حکومت آئندہ ہفتے سماجی فاصلے اور عوامی اجتماعات کی پابندیاں اٹھانے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف سخت اور بروقت حکمت عملی کامیاب رہی ہے۔ نیوزی لینڈ میں چھ ہفتے کا سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا اور گزشتہ 11 روز سے کرونا وائرس کے کسی نئے کیس کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے۔
یوں اب نیوزی لینڈ کی کابینہ آئندہ پیر کو پابندیاں بتدریج نرم کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گی جس کے دوران ملک کی سرحدیں بدستور بند رہیں گی۔ وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ دنیا کا پہلا ملک ہو گا جہاں اس قدر جلد زندگی معمول پر لائی جائے گی۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں آج منگل سے ریستوران، شراب خانے اور کیفے باہر بیٹھنے کے انتظامات کے تحت کھولے جا رہے ہیں۔
دنیا کے بہت سے ممالک بین الاقوامی ہوائی سفر کی اجازت دینے کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی شہری ہوا بازی کی تنظیم نے ہوائی سفر کے دوران متعدد احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی ہے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ مسافروں کے ایئر پورٹ پہنچتے ہی ان کا درجہ حرارت چیک کیا جائے، مسافر بہت کم سامان ساتھ لے جائیں اور جہاز میں سوار ہوتے وقت اور ٹرمینلز پر ماسک پہنیں جہاں سماجی فاصلے کی پابندی برقرار رکھنا ممکن نہیں ہوتا۔
ان ہدایات میں فلائیٹ کے عملے کو میڈیکل ماسک، دستانے اور وائزر سمیت حفاظتی سامان کی فراہمی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
نیکاراگوا میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں عائد نہیں کی گئی ہیں۔ تاہم اس ملک میں 30 سے زائد میڈکل تنظیموں نے ایک کھلا خط جاری کیا ہے جس میں تین سے چار ہفتوں کا کورانٹائن نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ وسطی اور جنوبی امریکہ کرونا وائرس کے بڑے مرکز بن چکے ہیں۔ ادارے کے ہنگامی پروگرام کے سربراہ مائک رائن کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں کرونا وائرس ابھی اپنی انتہائی سطح پر نہیں پہنچا ہے اور یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ایسا کب تک ہو گا۔
پاکستانی کشمیر میں مزید 13 افراد میں وائرس کی تصدیق
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ وائرس کے باعث مرنے والوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔
پاکستانی کشمیر کے محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اب تک 7008 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے 6954 کے رزلٹ آ چکے ہیں اور 277افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔