کرونا وائرس، مظاہرے اور صدارتی انتخاب؛ امریکہ کو بیک وقت تین چیلنج درپیش
امریکہ میں ایک سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی پولیس کی حراست میں موت پر پورے ملک میں احتجاج جاری ہے اور متعدد مقامات پر مظاہروں نے پرتشدد شکل اختیار کرلی ہے۔
یہ مظاہرے ایسے وقت شروع ہوئے ہیں جب پورا ملک پہلے ہی کرونا وائرس کی وبا سے نبرد آزما ہے اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اقتصادی دباؤ اور بیروزگاری کی لپیٹ میں ہے۔
وائس آف امریکہ کی نامہ گار کیتھرین جیپسن نے اپنی رپورٹ میں اس جانب توجہ دلائی ہے کہ مظاہروں میں شریک لوگ ہزاروں کی تعداد میں ایک دوسرے کے قریب جمع ہوتے ہیں جس کی وجہ سے یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ اس سے کرونا وائرس کی دوسری لہر جنم لے سکتی ہے۔
وائٹ ہاوس میں کرونا وائرس ٹاسک فورس کی سربراہ ڈاکٹر ڈیبورا برکس کا خیال ہے کہ وسیع بنیاد پر ٹیسٹ سے وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ سے زیادہ لوگ موت کا شکار ہوچکے ہیں۔
ایک اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسی دوران مظاہروں کی گونج میں نومبر کے صدارتی انتخاب کے سلسلے میں آٹھ ریاستوں اور واشنگٹن ڈی سی میں ووٹرز نے پرائمری الیکشن میں منگل کے دن اپنا ووٹ ڈالا۔
مقامی لیڈروں سمیت بعض ریاستوں کے قائدین اس جانب بھی اشارہ کرتے ہیں کہ اگر کرونا وائرس نے، جیسا کہ اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے، موسم خزاں میں پلٹا کھایا تو پھر موجودہ حکمت عملی سے ہٹ کر کوئی متبادل طریقہ اختیار کرنا پڑسکتا ہے اور شائد بندش سے ہٹ کر کسی اقدام کی ضرورت ہو۔
ماہرین اس جانب توجہ دلاتے ہیں کہ بندشوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر اقتصادی سرگرمیوں میں روک لگ جانے سے پہلے ہی چار کروڑ سے زیادہ لوگ بیروزگاری کا شکار ہوچکے ہیں اور کانگریس میں ڈیموکرٹیک ارکان کا کہنا ہےکہ تین ٹریلین ڈالر کی امدادی رقم ناکافی ہے۔ سینیٹ میں اقلیتی لیڈر چک شومر کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک بڑے اور جرات مندانہ بل کی ضرورت ہے۔ ریپبلکنز اس معاملے میں توقف کی وکالت کرتے ہیں۔
مبصرین کے مطابق، اس وقت امریکہ کو گویا تین اطراف سے بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ایک طرف کرونا کی ہولناک وبا ہے تو دوسری جانب درجنوں ریاستیں مظاہروں کی لپیٹ میں ہیں اور پھر نومبر کے انتخابات کے پس منظر میں سیاسی اتھل پتھل الگ جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملک اس وقت اپنی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے۔
لاطینی امریکہ وبا کا نیا مرکز، برازیل میں 24 گھنٹوں میں 1262 اموات
برازیل نے کہا ہے کہ منگل کو اس کے ہاں ایک بار پھر ایک دن میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ بنا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق، 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے 1262 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 31 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔
ملک میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ساڑھے پانچ لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ یہ تعداد امریکہ کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں اب تک 18 لاکھ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
برازیل میں وائرس پھیلنے اور اموات بڑھنے کے باوجود اس کے صدر جائر بولسونارو وبا کی سنگینی کو یہ کہہ کر مسترد کرتے آئے ہیں کہ یہ ایک معمولی سے فلو سے زیادہ کچھ نہیں۔ انھوں نے دارالحکومت برازیلیا میں صدارتی محل کے باہر جمع اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ہر موت کا غم ہے۔ لیکن، ہر شخص کو آخرکار ایک دن مرنا ہے۔
پاکستان میں مزید 78 اموات، مریضوں کی تعداد چین سے زیادہ
پاکستان میں بدھ کو کرونا وائرس سے مزید 78 افراد کا انتقال ہوگیا جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد چین سے بھی زیادہ ہوگئی۔ سب سے زیادہ کیسز والے ملکوں کی فہرست میں پاکستان 17ویں نمبر پر آگیا ہے۔
سندھ میں بدھ کو 1824 کیسز کی تصدیق ہوئی اور 29 مریض دم توڑ گئے۔ پنجاب میں 1615 کیسز کا علم ہوا اور 37 مریض چل بسے۔ خیبر پختونخوا میں 476 مریضوں کا پتا چلا اور 10 اموات ہوئیں۔
بلوچستان میں 484 کیسز سامنے آئے اور 2 افراد ہلاک ہوئے۔ اسلام آباد میں 295، گلگت بلتستان میں 45 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 14 مریضوں کا اندراج ہوا۔
ملک بھر میں مجموعی طور پر 4753 کیسز کی تصدیق ہوئی جو ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز کا نیا ریکارڈ ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1732 تک پہنچ گئی ہے۔
بدھ کو 78 افراد کا انتقال ہوا جس کے بعد ایک ہفتے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑھے چار سو سے زیادہ ہوگئی۔ مسلسل چھ دن سے روزانہ پچاس سے زیادہ اموات ریکارڈ کی جارہی ہے۔
پاکستان میں مریضوں کی مجموعی تعداد 85216 ہوچکی ہے جو کرونا وائرس کی جنم بھومی چین سے بھی زیادہ ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق چین میں سامنے آنے والے کیسز کی مجموعی تعداد 84159 ہے۔
ورڈومیٹرز کے مطابق دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس کے لگ بھگ 65 لاکھ کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 3 لاکھ 85 ہزار اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔ امریکہ 19 لاکھ کیسز اور ایک لاکھ 9 ہزار اموات کے ساتھ سرفہرست ہے۔
پاکستان میں ایک روز میں ریکارڈ اموات اور کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس سے 82 اموات اور 4688 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران اموات اور کیسز کی اب تک کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 85 ہزار 217 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 30 ہزار 128 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 167 افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ایک روز میں ٹیسٹوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک چھ لاکھ 15 ہزار 511 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔