لاطینی امریکہ وبا کا نیا مرکز، برازیل میں 24 گھنٹوں میں 1262 اموات
برازیل نے کہا ہے کہ منگل کو اس کے ہاں ایک بار پھر ایک دن میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ بنا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق، 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے 1262 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 31 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔
ملک میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ساڑھے پانچ لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ یہ تعداد امریکہ کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں اب تک 18 لاکھ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
برازیل میں وائرس پھیلنے اور اموات بڑھنے کے باوجود اس کے صدر جائر بولسونارو وبا کی سنگینی کو یہ کہہ کر مسترد کرتے آئے ہیں کہ یہ ایک معمولی سے فلو سے زیادہ کچھ نہیں۔ انھوں نے دارالحکومت برازیلیا میں صدارتی محل کے باہر جمع اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ہر موت کا غم ہے۔ لیکن، ہر شخص کو آخرکار ایک دن مرنا ہے۔
پاکستان میں مزید 78 اموات، مریضوں کی تعداد چین سے زیادہ
پاکستان میں بدھ کو کرونا وائرس سے مزید 78 افراد کا انتقال ہوگیا جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد چین سے بھی زیادہ ہوگئی۔ سب سے زیادہ کیسز والے ملکوں کی فہرست میں پاکستان 17ویں نمبر پر آگیا ہے۔
سندھ میں بدھ کو 1824 کیسز کی تصدیق ہوئی اور 29 مریض دم توڑ گئے۔ پنجاب میں 1615 کیسز کا علم ہوا اور 37 مریض چل بسے۔ خیبر پختونخوا میں 476 مریضوں کا پتا چلا اور 10 اموات ہوئیں۔
بلوچستان میں 484 کیسز سامنے آئے اور 2 افراد ہلاک ہوئے۔ اسلام آباد میں 295، گلگت بلتستان میں 45 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 14 مریضوں کا اندراج ہوا۔
ملک بھر میں مجموعی طور پر 4753 کیسز کی تصدیق ہوئی جو ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز کا نیا ریکارڈ ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1732 تک پہنچ گئی ہے۔
بدھ کو 78 افراد کا انتقال ہوا جس کے بعد ایک ہفتے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑھے چار سو سے زیادہ ہوگئی۔ مسلسل چھ دن سے روزانہ پچاس سے زیادہ اموات ریکارڈ کی جارہی ہے۔
پاکستان میں مریضوں کی مجموعی تعداد 85216 ہوچکی ہے جو کرونا وائرس کی جنم بھومی چین سے بھی زیادہ ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق چین میں سامنے آنے والے کیسز کی مجموعی تعداد 84159 ہے۔
ورڈومیٹرز کے مطابق دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس کے لگ بھگ 65 لاکھ کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 3 لاکھ 85 ہزار اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔ امریکہ 19 لاکھ کیسز اور ایک لاکھ 9 ہزار اموات کے ساتھ سرفہرست ہے۔
پاکستان میں ایک روز میں ریکارڈ اموات اور کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس سے 82 اموات اور 4688 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران اموات اور کیسز کی اب تک کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 85 ہزار 217 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 30 ہزار 128 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 167 افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ایک روز میں ٹیسٹوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک چھ لاکھ 15 ہزار 511 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
- By سہیل انجم
بھارت میں مزید 9304 افراد میں کرونا کی تشخیص
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے سب سے زیادہ 9304 مثبت کیسز اور 260 اموات ہوئی ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد دو لاکھ 16 ہزار 919 تک پہنچ گئی ہے جب اس وبا سے چھ ہزار 75 اموات ہلاک ہو چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ایک لاکھ چار ہزار 107 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
بھارت کے سیکرٹری دفاع اجے کمار کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وزارتِ دفاع میں دیگر اہلکاروں کا بھی ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
اجے کمار کی حالت مستحکم ہے اور وہ اپنے گھر میں قرنطینہ میں ہیں۔ وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر میں کام کرنے والے کم از کم 35 اہلکاروں کو ان کے گھروں میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
وزارتِ دفاع کی جانب سے اس بارے میں کوئی بیان نہیں دیا گیا ہے۔ البتہ ذرائع کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ احتیاط کے طور پر دفتر نہیں آ رہے ہیں۔