لاہور میں پبلک پارکس کھول دیے گئے
لاہور میں لگ بھگ 75 روز سے بند پبلک پارکس جمعے کو عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کے پارکس صبح چھ بجے سے رات نو بجے تک ضوابط کے مطابق کھلے رہیں گے۔
حکام نے پارکس میں آنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماسک اور گلووز پہن پر پارکس کا رخ کریں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
ٹام کروز کو کرونا سے اپنی فلم کے اداکاروں کو بچانے کا چیلنج درپیش
سلور اسکرین پر دشمن کے چھکے چھڑانے والے ہالی وڈ اداکار ٹام کروز حقیقی زندگی میں 'کرونا وائرس فری ویلیج' بسانے جا رہے ہیں یعنی ایک ایسا گاؤں جو کرونا وائرس سے پوری طرح محفوظ ہو گا۔
ٹام کروز برطانیہ کی کاؤنٹی آکسفرڈ شائر میں وائرس فری ویلیج بسانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
یہ گاؤں عارضی ہو گا اور اسے بسانے کا مقصد ان کی فلمی سیریز 'مشن امپاسبل' کی ساتویں فلم کے عملے اور اداکاروں کو مہلک وبا سے محفوظ رکھنا ہے تاکہ ستمبر سے 'مشن امپاسبل سیون' کی شوٹنگ کا آغاز ہو سکے۔
فلم کا تمام عملہ اور کاسٹ اسی فلم کی تکمیل تک یہیں قیام کریں گے۔
'مشن امپاسبل' کے ہیرو اور پروڈیوسر 'کرونا فری ویلیج' برطانوی رائل ایئر فورس کی ایک متروکہ اراضی پر تعمیر کریں گے۔
بیانوے ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے منتظر
پاکستان کے دفترِ خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اب تک بیرونِ ملک پھنسے 51 ہزار سے زائد پاکستانی واپس آ چکے ہیں اور اب بھی مختلف ملکوں میں موجود 92 ہزار سے زائد وطن واپسی کے منتظر ہیں۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ وطن واپسی کے منتظر افراد میں زیادہ تعداد وہ ہیں جو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں مقیم ہیں۔
ترجمان کے مطابق 54 ہزار 536 پاکستانی متحدہ عرب امارات سے جب کہ 30 ہزار 572 سعودی عرب سے وطن واپسی کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ چند روز کے دوران دبئی سے دو ہزار 558، سعودی عرب سے 653، صومالیہ سے 179، مصر اور تیونس سے 51، مریطانیہ اور سیرالیون سے 118 پاکستانی شہریوں کو واپس لایا جا چکا ہے۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ اب تک کرونا وائرس کی وجہ سے 339 پاکستانی مختلف ممالک میں وفات پا چکے ہیں اور بیرون ملک وفات پانے والے 424 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس لائی گئی ہیں۔
- By سہیل انجم
بھارت میں کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ
بھارت میں کرونا کے مثبت کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اب تک رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ 9851 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں دو لاکھ 26 ہزار 770 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 6348 تک پہنچ گئی ہے۔
حکومت نے آٹھ جون سے تمام مذہبی عبادت گاہوں، دفاتر، ہوٹل اور ریستوران کو کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس کے لیے وزارت داخلہ نے رہنما ہدایات (ایس او پیز) جاری کی ہیں۔
حکومتی ہدایات کے مطابق کاروباری اور سرگرمیوں کے لیے سماجی فاصلے، ہینڈ سینیٹائزر اور فیس ماسک کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔