پاکستان میں آکسیجن فراہمی کے آلات سے لیس ایک ہزار بستروں کے اضافے کی منصوبہ بندی
پاکستان کے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے بڑے شہروں اسپتالوں میں ایک ہزار بستروں کا اضافہ کیا جائے۔
ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹس میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ان ایک ہزار بستروں کا اضافہ رواں ماہ ہی کیا جائے گا جب کہ ان کے ساتھ آکسیجن فراہم کرنے کے آلات بھی منسلک ہوں گے۔
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ایک ہزار بستروں میں سے 200 بستروں کا اضافہ کراچی کے اسپتالوں میں کیا جائے گا۔
بلوچستان: بین الاصوبائی ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے دی گئی
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کو حفاظتی تدابیر کے ساتھ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
پیر کو کرونا وائرس کے حوالے سے درپیش صورت حال سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کار میں صرف تین سواریاں سفر کر سکیں گے اگر خلاف ورزی کی گئی تو کارروائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح مسافر ویگن میں 23 کے بجائے صرف 8 مسافر سفر کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 6516 ہو گئی ہے جب کہ محکمہ صحت کے حکام نے 54 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ فاطمہ جناح جنرل چیسٹ اسپتال میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے جدید مشینری لگا دی گئی ہے جہاں اب 500 سے 1000 تک یومیہ ٹیسٹس کی گنجائش موجود ہے۔ اس سے قبل یہ ٹیسٹ اسلام آباد اور لاہور سے کرائے جاتے تھے۔
لیاقت شاہوانی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے اکثر لوگ حفاظتی تدابیر پر عمل نہیں کر رہے جس سے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سپریم کورٹ نے ہفتے اور اتوار کو کاروباری مراکز کھولنے کا حکم واپس لے لیا
سپریم کورٹ آف پاکستان نے عید سے قبل ہفتے اور اتوار کو کاروباری مراکز کھولنے سے متعلق دیا گیا حکم واپس لے لیا جب کہ وفاقی حکومت کو کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے قانون سازی کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے چار رکنی بینچ نے کرونا وائرس از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت نے تاحال کرونا وائرس سے تحفظ سے متعلق قانون سازی نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے متعلق قومی سطح پر کوئی قانون سازی ہونی چاہیے۔ جس کا اطلاق پورے ملک پر ہو۔ ملک کے تمام ادارے کام کر سکتے ہیں تو پارلیمنٹ کیوں نہیں۔ چین نے بھی وبا سے نمٹنے کے لیے فوری قانون بنائے۔
اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت کرونا وائرس سے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے جب کہ حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبوں کی جانب سے قانون سازی کی گئی ہے۔ وفاقی حکومت کو بھی قانون سازی کی تجویز دوں گا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ کرونا وائرس کسی صوبے میں تفریق نہیں کرتا اور لوگوں کو مار رہا ہے۔ وفاقی حکومت کو اس معاملے پر رہنما کردار ادا کرنا چاہیے۔ وہ کرونا سے بچاؤ کے لیے قانون سازی کرے۔ آپ کے پاس اب وقت نہیں رہا۔ ایک لاکھ سے زائد کرونا وائرس کے کیسز سامنے آچکے ہیں۔
مزید جانیے
فلپائن: طلبہ کی اسکولوں میں واپسی کرونا ویکسین سے مشروط
فلپائن کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جب تک کرونا وائرس کی ویکیسین دستیاب نہیں ہوتی، بچوں کو اسکول جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
فلپائن کے وزیرِ تعلیم لیونور برائنس نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلپائن کے صدر کے احکامات کے مطابق ویکسین کی دستیابی تک بچوں کو اسکولوں میں بالمشافہ تعلیم دیے جانے کا سلسلہ شروع نہیں کیا جائے گا۔
فلپائن کے صدر روڈریگو دوتیرتے نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اگر طلبہ کا تعلیمی سال ضائع بھی ہو تو بھی انہیں اس وبا سے بچنے کے لیے اسکول نہیں جانا چاہیے۔
فلپائن کے وزیرِ تعلیم نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی ویکیسین کی دستیابی تک ٹی وی یا انٹرنیٹ کے ذریعے تعلیمی سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔