رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

12:52 11.6.2020

پاکستان کی قومی اسمبلی میں کرونا وائرس پر بحث

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ارکان کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس کے تدارک پر بحث کر رہے ہیں۔

حزبِ اختلاف کی جماعت مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے رکن خواجہ آصف نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کرونا وائرس کی زد میں ہے لیکن حکومت کی کوئی پالیسی نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ یکم جون کو وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جیسا چاہتا تھا ویسا لاک ڈاؤن نہیں ہوا اور پھر چار جون کو انہوں نے کہا کہ اُنہیں پتا تھا کہ لاک ڈاؤن کھلے گا تو کرونا بڑھے گا۔

خواجہ آصف کے بقول وزیرِ اعظم کی باتوں سے ان کے ارادوں کا پتا لگتا ہے۔

15:21 11.6.2020

خیبر پختونخوا میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی


پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین دونوں کے دوران صوبے میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر سیکڑوں افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ 584 دکانوں، کاروباری مراکز اور سرکاری دفاتر کو سیل کر کے لاکھوں روپے جرمانے کیے گئے ہیں۔

حکام کے بقول صوبے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر بھی دکان داروں اور تاجروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

حکومت کے ایس او پیز کے تحت 50 سال سے زائد عمر کے ملازمین کو دفاتر نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نزلہ، زکام اور فلو کی علامات رکھنے والوں کو بھی گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جن خواتین افسران اور اہلکاروں کے بچے ڈے کیئر سنٹرز میں ہوتے ہیں اُنہیں بھی دفاتر نہ آنے کا کہا گیا ہے۔

دفاتر میں ٹیلی فون، فیکس، پرنٹر اور دیگر اشیا استعمال کرنے وقت بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

16:05 11.6.2020

امریکہ میں کرونا کیس 20 لاکھ سے زائد، ہلاکتیں 112924 ہو گئیں

امریکہ میں کرونا وائرس کے مستند کیسز کی تعداد 20 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے ریسورس سنٹر کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں اس وقت کرونا وائرس کے 20 لاکھ 464 کیسز موجود ہیں جبکہ اس وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 112,924 ہے۔ یوں کیسز اور اموات کے لحاظ سے امریکہ دنیا بھر میں سرفہرست ہے۔

اس ہفتے امریکہ کی 21 ریاستوں میں کرونا وائرس کے کیسز کی بلند ترین سطح ظاہر کی گئی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ تعداد مغربی اور جنوب مغربی ریاستوں ایری زونا، نیو میکسیکو، ٹیکساس اور یوٹا میں ہے۔ کرونا وائرس مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ امریکہ میں حالیہ ہفتوں کے دوران لاک ڈاؤن کی پابندیاں نرم ہونا بتائی جاتی ہے۔ ان ہفتوں کے دوران امریکہ میں سالانہ میموریل ڈے کی چھٹیاں بھی شامل تھیں جن میں امریکی روایتی طور پر موسم گرما کی چھٹیوں کا سیزن مناتے ہیں۔

کرونا وائرس کے زور پکڑنے کے باعث کیلیفورنیا کے محکمہ صحت کے حکام نے اکتوبر میں ہونے والے سالانہ کوچیلا میوزک اینڈ آرٹ فیسٹیول اور سٹیج کوچ کنٹری میوزک فیسٹیول منسوخ کر دیے ہیں۔ یہ اس ریاست کے مقبول ترین تہواروں میں شامل ہیں۔ یہ دونوں تہوار اپریل میں منعقد ہونا تھے تاہم وائرس پھیلنے کےباعث انہیں اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکہ کی ریاست مینی ایپولس میں پولیس کی حراست کے دوران ایک سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد ہونے والے ملک گیر مظاہروں کے باعث کووڈ۔19 ایک مرتبہ پھر زور پکڑ سکتا ہے۔ اگرچہ زیادہ تر مظاہرین ماسک پہنے ہوئے تھے تاہم ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ سماجی فاصلہ برقرار رکھے بنا ایک دوسرے کے ساتھ مارچ کر رہے تھے۔

تاہم کیلیفورنیا میں امریکہ کے مشہور ڈزنی لینڈ پارک کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ یہ پارک اور اس سے ملحقہ ڈزنی کیلیفورنیا ایڈوینچر 17 جولائی سے مرحلہ وار کھول دیے جائیں گے۔ اسی طرح آرلینڈو میں موجود ایسا ہی ڈزنی لینڈ پارک بھی مرحلہ وار طور پر کھول دیا جائے گا۔

16:13 11.6.2020

عمران خان کی بھارت کو تعاون کی پیش کش

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بھارت کو مدد کی پیش کش کی ہے۔

عمران خان نے جمعرات کو اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ رپورٹس کے مطابق بھارت میں 34 فی صد گھرانوں کے لیے اضافی امداد کے بغیر گزر بسر مشکل ہے۔ لہذٰا وہ پاکستان میں غریب گھرانوں تک پہنچائی جانے والی امداد کے شفاف پروگرام کی تفصیلات بھارت کو فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG