شہباز شریف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر مریم نواز کا ردعمل
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے شہباز شریف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں شہباز شریف لاہور ہائی کورٹ آمد پر لوگوں کے مجمعے میں گھرے ہوئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف یہ سب جانتے ہوئے کہ اُنہیں پاکستان میں انتقام کا نشانہ بنایا جائے گا واپس آئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر شہباز شریف کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا ایسا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
افغانستان میں کرونا مریضوں کے لیے نئی پالیسی کا اعلان
افغانستان کی وزارتِ صحت نے کووڈ-19 کے لیے ایک نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت نجی اسپتالوں کو کرونا کے مریضوں کا علاج کرنے کی اجازت ہو گی۔ صحت کے وزیر ڈاکٹر احمد جواد عثمانی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ کووڈ-19 کا مقابلہ کرنے کی نئی پالیسی ان کی وزارت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کی انفیکشن ہر افغان گھر میں پہنچ رہی ہے۔
وزارت کے مطابق افغانستان میں کرونا مریضوں کی کل تعداد 22890 ہو چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 426 ہے۔
افغانستان کے لئے عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر رک پیپرکون نے بتایا ہے کہ افغانستان میں کرونا کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر اب تک 70 ملین ڈالر فراہم کئے گئے ہیں اور امریکہ بھی مزید 70 ملئن ڈالر مہیا کرے گا۔
- By سہیل انجم
بھارت: دہلی کی جامع مسجد 30 جون تک دوبارہ بند کرنے کا اعلان
بھارت کے دارالحکومت میں دہلی جامع مسجد کے امام مولانا سید احمد بخاری نے اعلان کیا ہے کہ جامع مسجد کو آج رات 8 بجے سے 30 جون تک کے لیے دوبارہ بند کیا جا رہا ہے۔
حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کو 8 جون سے کھولنے کی اجازت دی تھی۔ جامع مسجد میں بھی اسی دن سے بڑی تعداد میں نمازی آنا شروع ہو گئے تھے۔ لیکن سید احمد بخاری نے دہلی میں کرونا وائس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے مسجد دوبارہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان کے مطابق لاک ڈاؤن کی طرح اب ایک بار پھر چند افراد ہی مسجد میں نماز ادا کریں گے۔
انہوں نے اس اعلان سے قبل علما اور نمازیوں سے اس سلسلے میں مشورہ کیا تھا۔ ان کے مطابق علما نے کہا تھا کہ انسانی جانوں کا تحفظ افضل ہے۔ اسی لیے جامع مسجد کو دوبارہ بند کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل سید احمد بخاری کے سیکریٹری امان اللہ کی کرونا وائرس کے باعث موت ہو گئی تھی۔ انہیں تین جون کو صفدر جنگ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
احمد بخاری نے تمام چھوٹی مساجد کے ذمہ داروں سے کہا ہے کہ وہ بھی مسجدیں بند کرنے پر غور کریں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے رمضان اور عید کے موقع پر مسجدیں نہیں کھولیں تو اس صورت میں جب کہ کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں انہیں کھولنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
- By رتول جوشی
'بھارت نے پاکستان کے سالانہ جی ڈی پی کے مساوی پیکج دیا'
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بھارت کو مدد کی پیش کش کے جواب میں بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستو نے کہا ہے کہ اُن کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ یاد رکھیں کہ بھارت نے کس قدر بہترین پیکج کا اعلان کیا ہے جو کہ پاکستان کی سالانہ قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے برابر ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان کے قرضوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور یہ بھی جانتے ہیں کہ پاکستان قرضوں میں رعایت کے لیے کوشاں رہتا ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان غریب گھرانوں تک امداد پہنچانے کے شفاف پروگرام کی تفصیلات بھارت کو فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے لوگوں کے بجائے بیرون ملک بینک اکاؤنٹس میں رقوم کی منتقلی کے لیے زیادہ شہرت رکھتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو نئے مشیروں اور بہتر معلومات کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی حکومت کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں غریب خاندانوں کو 12 ہزار روپے ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیے تھے۔